اسلام آباد(نیوز ڈیسک) تین دن سے بند پاکستان کی فضائی حدود مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کرلیا گیا، آج رات تک تمام ایئرپورٹس پر فضائی آپریشن بحال کردیا جائے گا۔
تفصیلات کے مطابق سول ایوی ایشن (سی اے اے) کے ترجمان کا کہنا ہے کہ پاکستانی فضائی حدود کو آج سے مرحلہ وار کھولنے کا فیصلہ کیا گیا ہے۔ کمرشل پروازوں کے لیے ایئر پورٹس شام 6 بجے سے آپریشنل ہوں گے۔
ترجمان کے مطابق پہلے کراچی، اسلام آباد، پشاور اور کوئٹہ ایئر پورٹ پر فضائی آپریشن بحال ہوگا جس کے لیے ایئرپورٹس کو کھول دیا گیا ہے۔ لاہور، سیالکوٹ اور فیصل آباد سمیت دیگر ایئر پورٹ کھولنے کا فیصلہ بعد میں ہوگا۔
ترجمان کا کہنا ہے کہ پہلے اندرون ملک پروازوں کا آغاز ہوگا، بیرون ممالک سے پروازوں کی آمد و رفت رات سے شروع ہوگی۔
ترجمان کے مطابق قومی ایئر لائن (پی آئی اے) رات 12 بجے سے فلائٹ آپریشن شروع کرے گی۔ ترجمان کا کہنا ہے کہ فضائی حدود کھولنے کا ناٹم (نوٹس ٹو ایئرمین) جلد جاری کریں گے۔
خیال رہے کہ پاک بھات کشیدگی کے پیش نظر 27 فروری کی صبح پاکستانی فضائی حدود کو اگلی رات 12 بجے تک کے لیے بند کردیا گیا تھا جس کے بعد لاہور، اسلام آباد، کراچی اور کوئٹہ سے تمام پروازوں کے لیے آپریشن معطل کر دیے گئے۔
اس دوران بھارت جانے والی کئی پروازوں کو منسوخ کردیا گیا تھا، جبکہ پاکستان آنے والی کئی فلائٹس کو مقررہ مقام کے بجائے دیگر ایئرپورٹس پر اتار لیا گیا تھا۔
کل رات تک کے لیے کی جانے والی فضائی حدوو کی بندش میں آج مزید توسیع کردی گئی تھی۔