کابل (ڈیلی اردو) طالبان کے ترجمان ذبیح اللہ مجاہد کا کہنا ہے کہ ایئرپورٹ پر افراتفری کی صورتحال کے باعث طالبان اب افغان شہریوں کو کابل ایئرپورٹ پر جانے کی اجازت نہیں دے رہے ہیں۔
کابل میں پریس کانفرنس کرتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ایئرپورٹ پر موجود ہجوم کو واپس اپنے گھروں کو جانا چاہیے ان کی حفاظت کی ضمانت دیتے ہیں۔
تاہم ان کا کہنا تھا کہ امریکہ لوگوں کو پروازوں پر آنے کی دعوت دیتا رہا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ ’ہم نے امریکیوں کو کہا ہے کہ افغان شہریوں کو ملک چھوڑنے کی ترغیب نہ دیں، ہمیں ان کے ہنر کی ضرورت ہے۔
ان کا مزید کہنا تھا کہ ملک میں ہسپتال، سکول، یونیورسٹیاں، میڈیا کے ادارے اور مقامی حکومتیں کام کر رہی ہیں۔
خیال رہے کہ طالبان نے اتوار 15 اگست 2021 کو افغان دارالحکومت کابل پر بھی قبضہ کرلیا جس کے بعد وہاں موجود امریکی فوجی اور افغان صدر اشرف غنی سمیت متعدد اہم حکومتی عہدے دار ملک سے فرار ہوگئے۔
طالبان نے کابل کا کنٹرول حاصل کرنےکے بعد عام معافی کا اعلان کیا ہے اور عالمی برادری کو پیغام دیا ہے کہ وہ ان کے ساتھ مل کر کام کرے۔