طالبان کی امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ کی قیادت میں ملا عمر کی قبر پر حاضری

کابل (ڈیلی اردو) امریکی فوج کے افغانستان سے انخلا کے بعد طالبان کی اعلیٰ قیادت نے بانی ملاعمر کی قبر پر حاضری دی ہے۔

سوشل میڈیا پر تصاویر زیر گردش ہیں جن کے حوالے سے کہا جارہا ہے کہ یہ تصاویر افغان صوبے زابل کی ہیں جہاں اعلیٰ طالبان قیادت ملا عمر کی قبر پر حاضری دینے جارہی ہے۔

رپورٹس میں دعویٰ کیا گیا ہے کہ قافلے کی قیادت طالبان کے موجودہ امیر ملا ہیبت اللہ اخوندزادہ نے کی۔ طالبان قیادت نے سابق امیر کی قبر پر فاتحہ خوانی بھی کی۔

بعدازاں بانی ملاعمر کی قبر پر اعلیٰ قیادت کی حاضری کی طالبان رہنما عبدالحمید حماسی نے تصدیق کی۔

افغان طالبان کی اعلیٰ قیادت کی شوریٰ کا تین روزہ اجلاس کچھ دیر قبل نامعلوم مقام پر اختتام پذیر ہوا ہے جس کی صدارت امیر طالبان ملا ہیبت اللہ اخونزادہ نے کی ہے۔ اجلاس میں حکومت سازی کے حوالے سے اہم ترین فیصلے کیے گئے ہیں۔

طالبان ذرائع کا کہنا ہے کہ نئی کابینہ کی تشکیل کا عمل دو دن میں مکمل ہوجائے گا جبکہ ملا عبدالغنی برادر کی سربراہی میں سپریم شوریٰ کے قیام کا بھی فیصلہ کرلیا گیا ہے۔

اتفاق رائے کی صورت میں تین سے چار وزارتیں دیگر جماعتوں کو دی جائیں گی جبکہ طالبان کے امیر ملاہیبت اللہ اخوندزادہ کو امیر المومنین کا درجہ حاصل ہوگا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں