8

کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان کی میڈیا کو دھمکی، صحافی برادری کو تشویش

اسلام آباد (ڈیلی اردو) کالعدم تحریک طالبان پاکستان کی میڈیا کو وارننگ جاری کرنے پر انسانی حقوق کی تنظیموں اور صحافی برادری میں تشویش پیدا ہو گئی ہے۔ انہوں نے حکومت سے کہا ہے کہ وہ دھمکی کو سنجیدگی سے لے اور انہیں فوری طور تحفظ فراہم کرے۔

کالعدم تحریک طالبان پاکستان کے ترجمان محمد خراسانی نے اپنے ایک حالیہ بیان میں صحافیوں کو متنبہ کیا ہے کہ وہ ریاست اور ٹی ٹی پی کے درمیان ہونے والی جنگ میں ریاست کی طرف داری نہ کریں اور اس میں فریق بننے سے باز رہیں۔ ان کا مطالبہ تھا کہ پاکستان کی صحافتی برادری ٹی ٹی پی والوں کو عسکریت پسندی یا دہشت گرد نہ لکھے۔

صحافی برادری کی مشکلات میں اضافہ

کئی ناقدین کا کہنا ہے کہ ٹی ٹی پی کی یہ دھمکی صحافیوں کے لیے مزید خطرات پیدا کرنے کا موجب بنے گی۔ ہیومن رائٹس کمیشن آف پاکستان سے وابستہ اسد بٹ کا کہنا ہے کہ حکومت کو ان دھمکیوں کا فوری طور پر نوٹس لینا چاہیے۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، “حکومت اس دھمکی کو بہت سنجیدگی سے لے کیونکہ صحافی پہلے ہی بہت سارے خطرات سے دوچار ہیں اور اس دھمکی کی وجہ سے وہ مزید مشکلات میں گھر جائیں گے۔ ایک طرف ریاست ہوگی، جواس بات پر بضد ہو گی کہ ٹی ٹی پی والوں کو دہشت گرد کہا جائے اور دوسری طرف ٹی ٹی پی والے ہوں گے، جو اس بات پر اصرار کریں گے کہ انہیں عسکریت پسند یا دہشت گرد نہیں لکھا جائے۔‘‘

اسد بٹ کے بقول “ٹی ٹی پی والے افغان طالبان کے نظریاتی ساتھی ہیں اور ہم یہاں افغان طالبان کی فتح پر جشن منا رہے ہیں، یہ بنیادی طور پر افغان طالبان کی کامیابی ہی ہے جس سے ٹی ٹی پی کے حوصلے بڑھے ہیں اور ایک بار پھر وہ سر گرم ہو رہی ہے۔‘‘

بلوچستان اور خیبرپختونخوا کی صحافی برادری

پاکستان فیڈرل یونین آف جرنلسٹ کی فیڈرل ایگزیکٹو کمیٹی کے رکن ناصر ملک کا کہنا ہے کہ اس دھمکی کی وجہ سے صحافتی برادری کی زندگی بالعموم اور خیبر پختون خواہ اور بلوچستان کے صحافیوں کی زندگیاں بالخصوص شدید خطرات سے دوچار ہوگئی ہیں۔ انہوں نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، “اب اس دھمکی سے پوری صحافتی برادری میں تشویش کی لہر دوڑ گئی ہے اور ہمیں اپنے ساتھیوں کی زندگیوں کی فکر ہے۔‘‘

ناصر ملک نے مطالبہ کیا کہ حکومت فوری طور پر صحافیوں کو تحفظ فراہم کرے اور ان کی سلامتی کے لیے سخت سے سخت اقدامات اٹھائے۔ “پورے ملک میں صحافتی تنظیمیں اس دھمکی کے حوالے سے صلاح و مشورے کر رہی ہیں اور وہ حکومت سے مطالبہ کر رہی ہیں کہ ان کو تحفظ فراہم کرے بلکہ ان کی لائف اور ہیلتھ انشورنس کے حوالے سے بھی فوری طور پر قانون سازی کرے۔

احتیاطی رویے

سابق انسپکٹر جنرل سندھ اور سکیورٹی امور کے ماہر افضل علی شگری نے ڈی ڈبلیو کو بتایا، “میرا خیال ہے کہ حکومت کو میڈیا ہاؤسز کی نگرانی سخت کرنی چاہیے وہاں پر انٹیلی جنس اور سکیورٹی مزید بڑھانا چاہیے، صحافیوں کو اپنی نقل و حرکت کے حوالے سے محتاط رہنا چاہیے، سوشل میڈیا پر اپنے اسٹیٹس کو بار بار اپڈیٹ نہیں کرنا چاہیے اس سے دہشت گردوں کو ان کی نقل و حرکت کے بارے میں اندازہ ہو سکتا ہے، اس کے علاوہ انہیں اپنے راستے تبدیل کرتے رہنا چاہیے۔‘‘

ان کا مزید کہنا تھا کہ ٹی ٹی پی والے پہلے ہی حملے کررہے ہیں، ”لیکن اس وارننگ سے یہ لگتا ہے کہ وہ اپنی کارروائیاں مزید تیز کرینگے، ماضی میں بھی میڈیا نے ان کے خلاف رائے عامہ ہموار کی تھی اور اب بھی حملوں کی صورت میں میڈیا ایسا کر سکتا ہے۔ اس لئے وہ میڈیا کو دھمکیاں دے رہے ہیں۔‘‘

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں