کابل (ڈیلی اردو/بی بی سی) افغانستان کی عبوری حکومت میں نائب وزیراعظم ملا عبدالغنی برادر نے ایک ویڈیو بیان میں طالبان کے بعض حلقوں سے اپنی لڑائی اور زخمی ہونے کی خبروں کی تردید کی ہے۔
طالبان کے بانیوں میں سے ایک ملا بردار گذشتہ کئی روز سے بظاہر غائب تھے۔ اطلاعات کے مطابق طالبان میں موجود حقانی گروہ کے کچھ رہنماؤں سے ان کے اختلاف پیدا ہوئے تھے۔
لیکن ایک حالیہ انٹرویو میں انھوں نے طالبان کے اندرونی جھگڑوں کی خبروں کی تردید کی ہے۔
اس میں ان کا کہنا تھا کہ ’یہ سچ نہیں ہے۔ میں بالکل ٹھیک ہوں۔‘
’میں کابل سے باہر تھا اور اس غلط خبر کی تردید کے لیے میرے پاس انٹرنیٹ تک رسائی نہیں تھی۔‘
یہ ویڈیو ٹوئٹر پر دوحہ میں طالبان کے سیاسی دفتر سے منسلک ایک اکاؤنٹ نے پوسٹ کی ہے جس میں انھیں ایک کاغذ سے پڑھتے ہوئے دیکھا جاسکتا ہے۔
ملا بردار کا کہنا تھا کہ ’شکر ہے ہمارے ایک دوسرے سے اچھے تعلقات ہیں اور ہم ایک دوسرے کی عزت کرتے ہیں۔ ہمارے تعلقات ایک خاندان کے افراد سے بھی بہتر ہیں۔‘