نیو یارک (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ نے یمن میں ایران کے حمایت یافتہ حوثی جنگجوؤں کے ہاتھوں نو افراد کے بہیمانہ قتل کی مذمت کی ہے۔حوثیوں نے اپنے ایک سرکردہ رہنما کی فضائی حملے میں ہلاکت میں مبیّنہ طور پر ملوث ہونے کے الزام میں ان افراد کو فائرنگ اسکواڈ کے ذریعے موت کی نیند سلایا ہے۔
ایران کے حمایت یافتہ حوثی باغی غربت زدہ یمن پر کنٹرول کے لیے بین الاقوامی سطح پر تسلیم شدہ حکومت کے خلاف لڑرہے ہیں اور ان کا گذشتہ سات سال سے دارالحکومت صنعاء اور ملک کےشمالی علاقوں پر قبضہ ہے۔
حوثی ملیشیا کی ایک عدالت نے ان نو افراد کو 2018 ء میں ایک فضائی حملے میں حوثیوں کی سپریم سیاسی کونسل کے سربراہ صالح الصماد کی ہلاکت میں ملوث ہونے کے الزام میں سزائے موت سنائی تھی۔ حوثی جنگجوؤں نے ہفتے کے روز اس عدالتی فیصلے پر عمل درآمد کیا ہے۔ حوثی عدالت نے ان کے علاوہ سات اور افراد کو بھی سزا سنائی تھی۔
اقوام متحدہ کے ترجمان اسٹیفین دوجارک نے اتوار کے روز ایک بیان میں کہا ہے کہ سیکرٹری جنرل انتونیوگوتیرس کوان افراد کو بہیمانہ انداز میں موت کے گھاٹ اتارنے پرافسوس ہے۔انھوں نے مزید کہا کہ ان میں سے ایک شخص مبینہ طور پرحراست میں لیے جانے کے وقت نابالغ تھا۔
ترجمان نے بیان میں مزید کہا ہے کہ ’’انتونیوگوتیرس عدالتی کارروائی کے نتیجے میں ان اقدامات کی شدید مذمت کرتے ہیں۔ان سے ایسا نہیں لگتا کہ بین الاقوامی قوانین کے تحت مقدمے کی منصفانہ اور شفاف سماعت کے تقاضے پورے کیے گئے ہیں۔‘‘
یمن میں 2014ء سے مسلح تنازع جاری ہے۔ تب حوثیوں نے دارالحکومت صنعاء پر قبضہ کرلیا تھا اور یمنی صدر عبدربہ منصورہادی کی حکومت کے وزراء جنوبی شہر عدن منتقل ہوگئے تھے۔ مارچ 2015ء میں یمنی حکومت کی دعوت پر عرب اتحاد نے یمن میں فوجی مداخلت کی تھی اور حوثی باغیوں کے خلاف فضائی حملے شروع کیے تھے۔
اس کے بعد سے اب تک یمن میں جاری جنگ میں دسیوں ہزار افراد ہلاک ہوچکے ہیں اور لاکھوں افراد قحط کا شکار ہوچکے ہیں، عرب دنیا کے اس غریب ملک کو تباہی کے دہانے پر دھکیل دیا گیا ہے۔ اقوام متحدہ کے مطابق یمن کو اس وقت دنیا کے بدترین انسانی بحران کا سامنا ہے۔