ریاض (ڈیلی اردو/ایس پی اے) سعودی عرب کے دفاعی نظام نے یمن کی حوثی ملیشیا کی جانب سے جازان کی جانب داغا جانے والا بیلسٹک میزائل فضاء میں ہی تباہ کر دیا ہے۔
یمن میں سرگرم عرب اتحاد کے اعلان کے مطابق سعودی عرب کے فضائی دفاع نے کامیابی سے ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے سعودی سرزمین پر داغا جانے والا میزائل تباہ کر دیا ہے۔
عرب اتحاد کے بیان میں بتایا گیا کہ بین الاقوامی قوانین کی روشنی میں یمن کے اندر موجود ان حملوں کے ماخذ کو ہر ممکن طور پر نشانہ بنایا جائے گا تاکہ ان حملوں کے سلسلے کو ختم کیا جاسکے۔
یہ حملہ سعودی عرب کے 91 ویں قومی دن کے موقع پر کیا گیا ہے۔ ایران نواز حوثی ملیشیا کی جانب سے حالیہ مہینوں میں سعودی شہری املاک کو نشانہ بنانے کی سرگرمیوں میں تیزی دیکھنے میں آرہی ہے۔
اس سے قبل عرب اتحاد نے حوثی باغیوں کی جانب سے یمن کی حدیدہ بندرگاہ کو نشانہ بنانے کی کوشش کرنے والی دھماکہ خیز مواد سے بھری ہوئی دو کشتیوں کو نشانہ بنانے کا اعلان کیا تھا۔
سعودی خبر رساں ایجنسی ایس پی اے کے مطابق عرب اتحاد نے حوثی ملیشیا کے حملے سے قبل ہی الصلیف گائوں کے قریب ان کشتیوں کو تباہ کر دیا تھا۔
عرب اتحاد کا کہنا تھا کہ ایران کی حمایت یافتہ حوثی ملیشیا بحر احمر سے ہونے والی بین الاقوامی تجارت اور جہاز رانی پر اثر انداز ہونے کی کوشش کر رہے ہیں۔