انقرہ (نیوز ڈیسک) ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے پاکستان اور بھارت کے مابین جاری کشیدگی کو ختم کرانے کے لیے کردار ادا کرنے کی پیشکش کردی۔
ترک میڈیا کے مطابق شمالی شہر ترابزن میں الیکشن ریلی سے خطاب کرتے ہوئے ترکی کے صدر رجب طیب اردگان نے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے مابین تناؤ دونوں ممالک کے مفاد میں نہیں، اس کشیدگی سے کسی کو فائدہ نہیں ہوگا۔
UPDATE: Turkey ready to do its part to de-escalate tension between Pakistan and India – President Erdogan https://t.co/Ufu2J3uS8P
— TRT World Now (@TRTWorldNow) March 2, 2019
انہوں نے ثالث بننے کی پیشکش کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور بھارت کے درمیان تناؤ کو ختم کرنے کے لیے ترکی اپنا تعاون اور کردار ادا کرنے کے لیے تیار ہے۔
ترک صدر نے بھارتی پائلٹ ابھے نندن کو جذبہ خیرسگالی کے تحت رہا کرنے کے پاکستانی اقدام کو سراہا اور شدید کشیدگی میں اس طرح کے غیر معمولی عمل کی تعریف کی، ترک صدر نے کہا کہ انہیں بھارت سے بھی اسی قسم کے رویے کی امید ہے۔
رجب طیب اردگان کا کہنا تھا کہ ان کی پاکستان کے صدر عارف علوی اور وزیراعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطے میں پاک بھارت کشیدگی کو ختم کرنے کے حوالے سے بات چیت ہوئی ہے۔