مالی کے فوجی قافلے پر حملے میں 5 افراد ہلاک، 4 زخمی

بماکو (ڈیلی اردو/شِنہوا) مالی کے مغربی علاقے میں فوج کی حفاظت میں موجود ایک قافلے پر حملے میں پانچ افراد ہلاک اور چار دیگر زخمی ہوگئے ہیں۔

مالی کی مسلح افواج (فاما) نے اپنی سرکاری ویب سائٹ پر بتایا ہے کہ مقامی وقت کے مطابق منگل کی صبح 8 بجکر 30 منٹ (پاکستان کے معیاری وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 30 منٹ) پر دہشت گردوں نے ڈیڈینی ٹاؤن کے قریب نیشنل روڈ این ون پر فاما ارکان کی حفاظت میں موجود ایک کان کنی کمپنی کے قافلے کو نشانہ بنایا، تاہم بیان میں متاثرہ افراد کی شناخت کے حوالے سے کچھ نہیں بتایا گیا۔

گیارہ ستمبر کو اسی علاقے میں مسلح افراد نے مالی کے دارالحکومت بماکو جانے والے دو مراکشی نژاد ڈرائیوروں کو ہلاک اور ایک دیگر کو زخمی کردیا تھا۔

سال 2012 کے بعد سے مالی کو سلامتی، سیاست اور معیشت کے حوالے سے شدید اور کثیر الجہتی بحرانوں کا سامنا ہے۔

مقامی شورشوں، جہادی حملوں اور فرقہ وارانہ تشدد کی وجہ سے ہزاروں اموات ہوئیں اور لاکھوں بے گھر ہوئے ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں