راولپنڈی (ڈیلی اردو) ترجمان پاک فوج کا کہنا ہے کہ پاکستان کی مسلح افواج مسلسل الرٹ اور چوکنا ہیں جب کہ پاک فوج نے بھارتی گولہ باری کا بھرپور جواب دیا ہے۔
پاک فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے مطابق بھارتی فوج نے یکم اور 2 مارچ کی درمیانی شب مختلف مقامات پر فائرنگ کی، بھارت نے رات کونیزہ پیر، جندروٹ اور باغسرسیکٹر پر وقفے وقفے سے گولہ باری کی جب کہ پاک فوج نے بھارتی گولہ باری کا بھرپور جواب دیا۔
آئی ایس پی آر کے مطابق آج کنٹرول لائن پر کسی حد تک سکون کا ماحول ہے، پچھلے چوبیس گھنٹے میں پاکستان کی جانب کوئی جانی نقصان نہیں ہوا جب کہ پاکستان کی مسلح افواج مسلسل الرٹ اور چوکنا ہیں۔
آئی ایس پی آر کے مطابق حوالدار عبدالرب شہید کی نماز جنازہ آبائی گاؤں ڈیرہ غازی خان میں ادا کردی گئی ہیں، شہیدکو پورے فوجی اعزاز کے ساتھ سپرد خاک کر دیا گیا جب کہ نائیک خرم شہید کی نماز جنازہ آج شام کو ڈیرہ غازی خان میں ادا کی جائے گی۔