ممبئی (ڈیلی اردو/بی بی سی) ممبئی کی عدالت نے منشیات کے مقدمے میں بالی وڈ اداکار شاہ رخ خان کے بیٹے آریان خان کی ضمانت کی درخوات مسترد کرتے ہوئے ان کے جسمانی ریمانڈ میں 7 اکتوبر تک توسیع کر دی ہے۔
آریان خان کے ساتھ ارباز مرچنٹ اور منمن دھمیچا کے ریمانڈ میں بھی توسیع کی گئی ہے۔
آریان خان کے وکیل کا موقف تھا کہ ان کے موکل کو موبائل فون پر ایک پیغام کے نتیجے میں گرفتار کیا گیا ہے اس لیے انھیں ضمانت پر رہا کر دینا چاہیے۔
شاہ رخ خان کے بیٹے آریان سمیت تین افراد کو ایک روزہ ریمانڈ پر انڈیا میں منشیات کی روک تھام کے ادارے نارکوٹکس کنٹرول بیورو (این سی بی) کے حوالے کر دیا گیا تھا۔ آج عدالت نے ریمانڈ میں توسیع کر دی۔
بی بی سی مراٹھی کے صحافی میانک بھاگوت کے مطابق آریان خان کے وکیل نے عدالت کو بتایا کہ این سی بی کو ان کے مؤکل سے کوئی منشیات نہیں ملی ہیں تاہم این سی بی کا دعویٰ ہے کہ اب منشیات بر آمد کر لی گئی ہیں۔
آریان خان سمیت دیگر افراد کو کو سوموار کے روز عدالت میں پیش کیا گیا جہاں ان کی ضمانت پر سماعت ہوئی۔
آریان خان کے علاوہ ارباز مرچنٹ اور منمن دھمیچا کو بھی ایک روزہ ریمانڈ پر نارکوٹکس کنٹرول بیورو کے حوالے کیا گیا ہے۔
خبر رساں ادارے اے این آئی کے مطابق سنیچر کی رات ممبئی کے ساحل سے دور ایک کروز یعنی ایک قسم کے بحری جہاز پر ’ریو پارٹی‘ میں یہ افراد شریک تھے، جس میں مبینہ طور پر منشیات کا استعمال کیا گیا۔
آریان خان، ارباز مرچنٹ اور منمن دھمیچا کے علاوہ جن دیگر لوگوں سے اس بارے میں پوچھ گچھ کی جا رہی ہے، ان میں نوپور سریکا، اسمیت سنگھ، موہک جیسوال، وکرانت چوکھر اور گومت چوپڑا شامل ہیں۔
این سی بی کے سربراہ ایس این پردھان نے خبر رساں ادارے اے این آئی کو بتایا کہ ’یہ پوچھ گچھ کئی ہفتوں سے جاری ایک مشکل تفتیش کے نتیجے میں کی گئی۔‘
ان کے مطابق ہم نے خاص انٹیلیجنس اطلاعات پر کارروائی کی، جس کے نتیجے میں اس معاملے میں بالی وڈ سے بھی کچھ تانے بانے جا ملے ہیں۔
Eight persons — Aryaan Khan, Arbaaz Merchant, Munmun Dhamecha, Nupur Sarika, Ismeet Singh, Mohak Jaswal, Vikrant Chhoker, Gomit Chopra — are being questioned in connection with the raid at an alleged rave party at a cruise off Mumbai coast: NCB Mumbai Director Sameer Wankhede pic.twitter.com/KauOH2ULts
— ANI (@ANI) October 3, 2021
انھوں نے کہا ان آٹھ لوگوں کو پارٹی کی جگہ سے منشیات ملنے کی بنیاد پر پوچھ گچھ کے لیے حراست میں لیا گیا اور ان سے حاصل ہونے والی اطلاعات کی بنیاد پر مزید چھاپے مارے جائيں گے۔
ایس این پردھان نے کہا کہ ’جب ہمیں یہ اطلاع ملی کہ چرس اور ایم ڈی ایم (نشہ آور ادویات) پارٹی میں استعمال کے لیے لے جائی جا رہی ہیں تو ہم نے چھاپہ مارا جہاں سے ہمیں منشیات ملیں۔‘
اس سے قبل گذشتہ سال اداکار سوشانت سنگھ راجپوت کی خودکشی کے بعد ہونے والی تفتیش میں بالی میں منشیات کے بکثرت استعمال کی بات سامنے آئی تھی اور اس معاملے میں ریا چکرورتی سمیت بہت سے لوگوں سے ایس سی بی نے سوالات کیے تھے۔
جن بالی وڈ فنکاروں سے سوال کیے گئے ان میں معروف اداکارہ دیپکا پاڈوکون کے علاوہ راکول پریت، شروتی مودی اور فیشن ڈیزائنر سیمیون کھمبٹا وغیرہ شامل تھیں۔
اس وقت ایوان بالا یعنی راجیہ سبھا میں سماج وادی پارٹی کی رکن پارلیمان اور سابق اداکارہ جیا بچن نے کہا کہ کچھ لوگوں کی وجہ سے پوری صنعت کی شبیہ خراب ہو سکتی ہے۔
خیال رہے کہ یہ پارٹی سنیچر اور اتوار کی درمیانی شب کو ممبئی کے ساحل سے دور سمندر میں ایک کروز پر ہو رہی تھی۔
خبر رساں ادارے کے مطابق کورڈیلیا نامی کروز کی انتظامیہ نے کہا ہے کہ اس واقعے میں براہ راست یا بالواسطہ طریقے سے وہ ملوث نہیں ہیں کیونکہ دلی کی ایک مینجمنٹ کمپنی نے اس کروز کو ایک پرائیوٹ پارٹی کے لیے حاصل کیا تھا۔ انتظامیہ کے مطابق وہ تفتیش میں حکام کے ساتھ مکمل تعاون کررہے ہیں۔
آریان خان پر ابھی کوئی الزام نہیں
انڈین ایکسپریس کی ایک خبر کے مطابق نارکوٹکس محکمے کے ایک افسر نے بتایا کہ حراست میں لیے جانے والے ان آٹھ افراد کے بیانات نارکوٹک ڈرگز اینڈ سائکوٹراپک سبسٹینسز (این ڈی پی ایس) کی دفعہ 67 کے تحت ریکارڈ کیے جا رہے ہیں۔
سوشل میڈیا پر اس سلسلے میں آریان خان ٹرینڈ کررہا ہے اور لوگ ایک بار پھر بالی وڈ اور ڈرگز کے استعمال پر باتیں کر رہے ہیں جبکہ حال ہی میں گجرات کے ایک بندرگاہ سے تقریباً تین ہزار کلوگرام منشیات کے پکڑے جانے کا بھی ذکر ہو رہا ہے اور کہا جا رہا ہے کہ میڈیا اس پر خاموش رہا لیکن اب بالی وڈ کے تعلق سے اس پر خوب گرما گرم بحث چھڑ گئی ہے۔
شیام میرا سنگھ نامی ایک صارف نے لکھا: ’شاہ رخ خان کے بیٹے آریان کو صرف پوچھ گچھ کے لیے روکا گیا، انھیں گرفتار کیا گیا اور نہ ہی ان پر کوئی الزام ہے۔لیکن پورا میڈیا مسلمان اور سیلبریٹی ہونے کے ناطے پیچھے پڑ گیا ہے۔‘
ماہوا مویترا فین کلب نے لکھا کہ شاہ رخ خان کے بیٹے کو تو ویڈ کے استعمال پر پکڑ لیا گیا جبکہ ایک وفاقی وزیر کے بیٹے کو کسانوں کو ہلاک کرنے پر گرفتار نہیں کیا گیا۔
سیا نامی صارف نے لکھا کہ یہ مشہور لوگ آخر ایسا کیوں کرتے ہیں جبکہ کتنے لوگ آنکھیں بند کر کے ان کے پیچھے چلتے ہیں اور ان پر یقین کرتے ہیں۔