وانا (دین محمد وزیر) صوبہ خیبر پختونخوا کے قبائلی ضلع جنوبی وزیرستان میں ٹارگٹ کلنگ کا ایک اور واقعہ، نامعلوم افراد کی فائرنگ سے لیڈی ڈاکٹر کا جواں سالہ بیٹا ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا۔
تفصیلات کے مطابق وانا میں سید شاہزیب نقوی اور اس کا ساتھی شمس وزیر اپنے کلینک سے وانا ہیڈ کوارٹرز ہسپتال جا رہے تھے، کہ مخالف سمت سے آنے والے 2 موٹر سائیکل سوار نقاب پوش مسلح افراد نے ان پر فائرنگ کردی، فائرنگ کے نتیجہ میں ڈیرہ اسماعیل خان سے تعلق رکھنے والے سید شاہزیب نقوی ولد سید ظفر علی نقوی موقع پر ہلاک ہوگئے جبکہ ان کا ساتھی شمس وزیر ولد سید رسول گنگی خیل وزیر شدید زخمی ہوگئے، شمس وزیر کو زخمی حالت میں ہیڈکوارٹر ہسپتال وانا پہنچا دیا۔
شاہ زیب لیڈی ڈاکٹر سیدہ آمنہ نقوی کا بیٹا ہے، جو کہ عرصہ سے وانا میں رہائش پذیر ہے، آمنہ نقوی الخدمت ہسپتال وانا میں ڈیوٹی دے رہی ہے، جبکہ ان کا بیٹا سید شاہزیب نقوی وانا اعظم ورسک روڈ پر گنگی خیل اسٹاپ پر ایک میڈیکل اسٹور پر پچھلے دو سال سے خدمات انجام دے رہے تھے، ہلاک ہونے والے شاہ زیب کی والدہ سیدہ آمنہ نقوی نے نمائندہ کو بتایا ہے، کہ کئی دنوں سے ان کو دھمکیاں مل رہی تھی۔ واقعہ کے بعد وانا سٹی تھانہ پولیس کی بھاری نفری موقع پر پہنچ کر واقعہ کی رپورٹ درج کر کے واقعہ کی تحقیقات شروع کردی۔