تہران (ڈیلی اردو) ایرانی وزارت خارجہ کے ترجمان سعید خطیب زادہ نے کہاہے کہ تہران نے 4+1 گروپ (روس، چین، فرانس، برطانیہ، جرمنی) کے ساتھ ویانا مذاکرات دوبارہ شروع کرنے کا فیصلہ کیا ہے۔
سرکاری خبر رساں ایجنسی کے مطابق خطیب زادہ نے کہا کہ یہ فیصلہ بات چیت پر نظر ثانی کا پہلا مرحلہ ختم ہونے کے بعد کیا گیا ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ جوہری مذاکرات کا از سر نو جائزہ لینے کا دوسرا مرحلہ مستقبل قریب میں کسی نتیجے تک پہنچ جائے گا۔
ترجمان کے مطابق سابقہ مذاکرات پر نظر ثانی مکمل ہونے کے ساتھ ہی نئی بات چیت شروع ہو جائے گی۔
خطیب زادہ کا کہنا تھا کہ نئی ایرانی حکومت جوہری مذاکرات کے سابقہ چھ ادوار کا جائزہ لے رہی ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں خیال کرتا ہوں کہ مذاکرات کے نئے دور کے آغاز کے لیے مقررہ عرصہ، اس دورانیے (90 روز) سے کم ہو گا جو امریکی صدر کی ٹیم کو مذاکرات میں واپسی کے لیے درکار ہوا۔