برلن (ڈیلی اردو) جرمنی میں اس سال ستمبر کے آخر تک سیاسی پناہ کے متلاشی ایک لاکھ سے زائد تارکین وطن نے پناہ کی درخواستیں جمع کرائیں۔ یہ تمام غیر ملکی پہلی مرتبہ پناہ کی درخواستیں دینے والے تھے۔
پناہ گزینوں کے امور کے نگران وفاقی جرمن دفتر کے مطابق یہ تعداد گزشتہ برس کے پہلے نو ماہ کے مقابلے میں پینتیس فیصد زیادہ تھی۔
اس سال جنوری سے ستمبر تک کُل ایک لاکھ دو سو اٹھہتر تارکین وطن نے جرمنی میں پناہ کی باقاعدہ درخواستیں جمع کرائیں۔ اس سے پہلے گزشتہ کئی برسوں میں یہ تعداد مسلسل کم ہوتی رہی تھی۔
پناہ گزینوں سے متعلق یورپی ادارے کے ڈیٹا کے مطابق جرمنی اس سال کے پہلے نو ماہ کے دوران یورپی یونین کا وہ ملک بن گیا جہاں پناہ کے لیے سب سے زیادہ درخواستیں دی گئی۔
جرمنی کے بعد چون ہزار درخواستوں کے ساتھ فرانس دوسرے اور بیالیس ہزار درخواست دہندگان کے ساتھ اسپین تیسرے نمبر پر رہا۔