برلن (ڈیلی اردو) جرمنی کی امدادی تنظیم سی واچ کے مطابق بحیرہ روم میں ایک سو بیس مہاجرین کو ڈوبنے سے بچا لیا گیا ہے۔
جاری ہونے والے بیان کے مطابق اس تنظیم کے جہاز سی واچ تھری نے پہلی امدادی کارروائی لیبیائی ساحل کے قریب کی، جہاں چھیاسٹھ افراد کو بچایا گیا اور ان میں متعدد بچے بھی شامل تھے۔
اس کے تین گھنٹے بعد ہی ایک دوسری کارروائی کی گئی، جہاں چون افراد کو بچایا گیا۔ یہ افراد ربڑ کی ایک کشتی پر سوار تھے۔
مہاجرین یورپ پہنچنے کے لیے سمندر کا خطرناک راستہ اختیار کرتے ہیں۔ اس سفر میں سالانہ سینکڑوں مہاجرین ڈوب کر ہلاک ہو جاتے ہیں۔