دبئی(مانیٹرنگ ڈیسک) یہ انٹرنیٹ کا زمانہ ہے اور لوگ ای کامرس اور آن لائن نوکریوں کے ذریعے اتنی رقم کما رہے ہیں کہ جو نہیں جانتے، سن کر یقین ہی نہ کریں۔
اب اس آسٹریلوی نوجوان کی مثال ہی لے لیں، جو دبئی میں مقیم ہے اور اپنے لیپ ٹاپ پر کام کرکے ماہانہ 1 لاکھ 20 ہزار آسٹریلوی ڈالر (تقریباً 1 کروڑ روپے) کما لیتا ہے۔ گلف نیوز کے مطابق 26 سالہ میتھیو لیپرے آسٹریلوی شہر سڈنی کا رہائشی ہے اور اپنی آن لائن کمائی کے ذریعے دبئی میں لگژری لائف کے مزے لے رہا ہے۔
اس نے چند سال قبل ای کامرس کا کاروبار شروع کیا اور اس وقت اس کے چار آن لائن بزنس ہیں جن میں مارکیٹنگ ایڈورٹائزمنٹ ایجنسی، ای کامرس ٹیچنگ اکیڈمی اور ایک پریمیئم ٹیتھ وائٹننگ کمپنی شامل ہیں۔
میتھیو کا کہنا ہے کہ ”سڈنی میں اپنے بھائی، دو بہنوں اور ماں کے ساتھ رہتے ہوئے میں نے اپنا پہلا آن لائن کاروبار شروع کیا تھا۔ میں شروع سے ہی سائنس میں دلچسپی لیتا تھا۔ تاہم پیشے کے اعتبار سے میں ڈینٹسٹ بننا چاہتا تھا۔ چنانچہ میں نے میڈیکل سائنس میں چار سالہ ڈگری حاصل کی اور ساتھ ہی اپنے سائنس کے شوق کو آن لائن کاروبار کی صورت میں پورا کرنا شروع کیا۔
سب سے پہلے میں نے ایک کتاب مرتب کی جس میں GAMSATکا امتحان پاس کرنے کے متعلق مشورے اور طریقے شامل تھے۔ میں نے اس کتاب کو پی ڈی ایف شکل میں فروخت کے لیے انٹرنیٹ پر ڈال دیا۔ دو دن بعد مجھے کتاب کی خریداری کے لیے ایک نوٹیفکیشن موصول ہوا اور یوں میری پہلی کتاب 29 ڈالر میں فروخت ہو گئی۔
یہ میرا پہلا آن لائن کاروبار تھا، جس کے بعد میں نے فیصلہ کیا کہ میں اپنی پوری توجہ اسی پر مرکوز کروں گا۔ آج میری 16 کتابیں فروخت کے لیے انٹرنیٹ پر موجود ہیں اور 10مزید آنے والی ہیں۔ اس کے ساتھ میں نے جو باقی تین کاروبار شروع کیے وہ بھی انتہائی کامیابی کے ساتھ چل رہے ہیں۔“