سعودی عرب نے حزب اللہ کی مبینہ ذیلی تنظیم القرض الحسن کو دہشت گرد قرار دیدیا

ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب نے حزب اللہ سے تعلق رکھنے والی تنظیم القرض الحسن کو دہشت گرد قرار دے دیا۔

سعودی عرب نے لبنان کی ایک تنظیم القرض الحسن کو دہشت گرد تنظیم قرار دے دیا ہے۔ يہ لبنانی تنظیم شیعہ عسکری و سیاسی گروپ حزب اللہ کی سرگرمیوں کی حامی ہے۔

سعودی نیوز ایجنسی کے مطابق القرض الحسن رقوم جمع کر کے حزب اللہ کی مالی معاونت کا سلسلہ جاری رکھے ہوئے ہے۔

سعودی حکومت کے بیان میں واضح کیا گیا کہ اس تنظیم کے سعودی عرب میں تمام اثاثے منجمد کرنے کے احکامات جاری کر دیے گئے ہیں اور کسی بھی طریقے سے اس تنظیم کے ساتھ لین دین ممنوع ہے۔

سعودی عرب کے ادارۂ اسٹیٹ سیکیورٹی کے مطابق سعودی عرب میں حزب اللّہ کی مبینہ ذیلی تنظیم القرض الحسن ایسوسی ایشن کے اثاثے منجمد کیئے جائیں گے۔

خیال رہے کہ رواں برس مئی میں امریکا نے اقوام عالم کو ایران نواز لبنانی عسکری گروپ حزب اللہ کے خلاف اقدامات اٹھانے کا کہا تھا۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں