ریاض (ڈیلی اردو) سعودی فرمانروا شاہ سلمان عبدالعزیز نے عالمی برادری سے انتہا پسندی اور دہشت گردی کے خلاف جنگ میں تعاون بڑھانے اور بقائے باہمی کے اصولوں کو اپنانے پر زور دیا۔
عالمی خبر رساں ادارے کے مطابق جدہ میں روس اور اسلامی دنیا گروپ کے سربراہی اجلاس میں سعودی وزیر خارجہ نے بادشاہ شاہ سلمان بن عبدالعزیز کی نمائندگی کرتے ہوئے اُن کا بیان پڑھ کر سنایا۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اپنے بیان میں مزید کہا کہ ہم اس پلیٹ فارم سے مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے درمیان اتفاق کو مضبوط اور انسانی اقدار کو باوقار بنانے کی کوششیں کر رہے ہیں۔
سعوی فرمانروا کا اپنے بیان میں یہ بھی کہنا تھا کہ ہم مختلف مذاہب اور تہذیبوں کے پیروکاروں کے درمیان بات چیت کے امکانات کو تیز کرنے جب کہ انتہا پسندی اور دہشت گردی سے نمٹنے میں تعاون بڑھانے کے لیے اسلامی دنیا اور روسی فیڈریشن کے ساتھ مل کر کام کریں گے۔
شاہ سلمان بن عبدالعزیز نے اس امید کا بھی اظہار کیا کہ یہ گروپ مختلف مذاہب کے پیروکاروں کے درمیان ہم آہنگی کو بڑھانے، تہذیبوں اور ثقافتوں کے درمیان مکالمے کو فروغ دینے، روایتی، روحانی اور گھریلو اقدار کے تحفظ میں کردار ادا کرے گا۔
واضح رہے کہ روس اور اسلامی دنیا کے نام سے قائم اسٹریٹجک وژنری گروپ 2006 میں قائم کیا گیا تھا اور اب تک اس کے روس، ترکی، تاتارستان اور کویت میں اجلاس ہوچکے ہیں۔