پشاور (بیورو رپورٹ) صوبہ خیبر پختونخوا کے ضلع ٹانک میں دہشت گردوں کی فائرنگ سے پولیو ویکسی نیشن ورکرز کی سیکیورٹی پر مامور ایک پولیس اہلکار ہلاک اور ایک ایف سی زخمی ہوگیا۔
ڈسٹرکٹ ہیلتھ آفیسر (ڈی ایچ او) ڈاکٹر احسان ﷲ نے واقعے کی تصدیق کی ہے۔
ان کا کہنا ہے کہ موٹر سائیکل سوار مسلح افراد نے پولیو سیکیورٹی ٹیم پر حملہ کیا، زخمی اور ہلاک اہلکار کو ہسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
غیر ملکی خبر رساں ایجنسی ’اے پی‘ کے مطابق ویکسی نیشن مہم کے ترجمان ایمل خان نے کہا کہ فائرنگ کا واقعہ پولیو کے خلاف پانچ روزہ مہم کے دوسرے روز پیش آیا۔
ویکسی نیشن مہم کے تحت صوبے کے تقریباً 65 لاکھ بچوں کو پولیو کے قطرے پلائے جارہے ہیں۔
ڈسٹرکٹ پولیس افسر (ڈی پی او) سجاد احمد نے کہا کہ موٹرسائیکل پر سوار دو مسلح ملزمان نے چداراہ علاقے میں پولیو ورکرز کو سیکیورٹی فراہم کرنے والی پولیس ٹیم پر فائرنگ کی جس سے ایک پولیس کانسٹیبل محمد اقبال موقع پر ہی ہلاک ہوگیا، جبکہ فرنٹیئر کانسٹبلری افسر شدید زخمی ہوا۔
ٹانک : تھانہ SMA کی حدود میں پولیو ڈیوٹی پر معمور ہیڈ
کانسٹیبل محمد اقبال دوران ڈیوٹی نامعلوم شرپسندوں کی فائرنگ سے شہادت کے مرتبے پر فائز ہوگئے جبکہ ایف سی جوان شدید زخمی ہوگیا۔ pic.twitter.com/0BH78SNEx5— KP Police (@KP_Police1) December 11, 2021
تاہم ویکسی نیشن ٹیم کے اراکین کو کوئی جانی نقصان نہیں پہنچا۔
دوسری جانب کالعدم تحریک طالبان پاکستان (ٹی ٹی پی) کے ترجمان محمد خراسانی نے حملے کی ذمہ داری قبول کرنے کا دعویٰ کیا ہے۔
Gun attack targeting Pakistani security forces in Tank, KP. #Pakistan https://t.co/MtiaGl3PYw
— FJ (@Natsecjeff) December 11, 2021
واضح رہے کہ جمعرات کو ٹی ٹی پی کی جانب سے حکومت کے ساتھ ایک ماہ کی جنگ بندی ختم کرنے کے اعلان کے بعد پہلا حملہ ہے۔
واضح رہے کہ گزشتہ جمعہ کے روز سیکورٹی فورسز کی ٹیم نے پولیو کے فارنرز حکام کے ہمراہ مذکورہ علاقے کا دورہ کیا تھا، اور اسی روز ٹانک کے گنجان آباد علاقے سے 4 کلو وزنی بم بھی برآمد ہوا تھا جسے پولیس نے ناکارہ بنایا تھا۔