ریاض (ڈیلی اردو) سعودی عرب نے دعویٰ کیا ہے کہ شہر خمیس مشیط پر یمنی باغی حوثیوں کے ڈرون حملے کو ناکام بنا دیا۔
عرب میڈیا کے مطابق سعودی عرب پر حوثی باغیوں کے ڈرون حملے کی کوشش کو ایک بار پھر ناکام بناتے ہوئے ڈرون کو فضا میں ہی تباہ کردیا گیا۔
عرب اتحادی افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ حوثی باغیوں نے سعودی شہر خمیس مشیط کو نشانہ بنایا تاہم بروقت کارروائی کے باعث ڈرون فضا میں ہی تباہ ہوگیا جب کہ حملے میں کوئی جانی نقصان نہیں ہوا۔
عرب اتحاد افواج کی جانب سے جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ گزشتہ 24 گھنٹوں کے اندر حوثی باغیوں کے خلاف 19 حملے کیے گئے جس کے نتیجے میں 80 کے قریب حوثی باغی مارے گئے جب کہ متعدد گاڑیوں کو بھی نقصان پہنچا۔
واضح رہے کہ حوثی باغیوں کی جانب سے آئے روز یمن کی سرحد سے منسلک سعودی شہروں پر میزائل یا ڈرون سے حملے ہوتے رہتے ہیں تاہم عرب اتحادی افواج نے متعدد بار ان حملوں کو ناکام بنایا ہے۔
دوسری جانب سعودی عرب مسلسل ایران پر الزام عائد کرتا رہا ہے کہ وہ حوثی باغیوں کو اسلحہ فراہم کررہا ہے لیکن ایران ان الزامات کو مسترد کرتا ہے۔
یمن میں 2015 میں حوثی باغیوں کی جانب سے صدر عبدالرب منصور ہادی کے خلاف بغاوت کے بعد سعودی اتحادیوں نے مداخلت کی تھی اور سرحد کو بھی بند کردیا تھا۔
بعد ازاں اتحادیوں نے یمن پر بدترین فضائی حملے بھی کیے تھے جس کے نتیجے میں بچوں سمیت ہزاروں افراد جاں بحق ہوچکے ہیں جبکہ اقوام متحدہ نے یمن میں انسانی بحران پیدا ہونے سے بھی خبردار کردیا تھا۔