اسلام آباد (ڈیلی اردو) سینیٹ میں سیالکوٹ میں سری لنکن شہری پریانتھا کمارا کی ہلاکت کے خلاف ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی گئی، اراکین سینیٹ سری لنکن شہر ی کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے کھڑے رہے۔
سینیٹ کا اجلاس چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی کی سربراہی میں پارلیمنٹ ہاوس میں ہوا۔ اجلاس شروع ہوا تو چیئرمین سینیٹ نے سیالکوٹ میں سری لنکا کے شہری کی ہلاکت کی مذمت کئی جس کے بعد پورے ایوان نے سری لنکن شہری کے ساتھ اظہار یکجہتی کے لیے ایک منٹ کی خاموشی اختیار کی اور تما م ارکان کھڑے ہوگئے۔
جس کے بعد چیئر مین سینیٹ نے کہا کہ جمعہ کو ایوان کی معمول کی کارروائی موخر کر کے سانحہ سیالکوٹ پر بات کی جائے گی تمام ارکان اس پر بات کریں گے۔
واضح رہے کہ سیالکوٹ میں 3 دسمبر کو اسپورٹس گارمنٹ کی فیکٹری کے غیر مسلم سری لنکن منیجر پریانتھا کمارا پر فیکٹری ورکرز نے مذہبی پوسٹر اتارنے کا الزام لگا کر حملہ کردیا، پریانتھا کمارا جان بچانے کیلئے بالائی منزل پر بھاگے لیکن فیکٹری ورکرز نے پیچھا کیا اور چھت پر گھیر لیا۔ فیکٹری ورکرز منیجر کو مارتے ہوئے نیچے لائے، مار مار کر جان سے ہی مار دیا، اسی پر بس نہ کیا، لاش کو گھسیٹ کر فیکٹری سے باہر چوک پر لے گئے اور پھر آگ لگا دی۔
اس سے قبل سیالکوٹ ہی میں 2010 میں کھیل کے دوران معمولی تنازع پر مشتعل ہجوم نے دو نو عمر بھائیوں کو ڈنڈے مار کر ہلاک کر دیا تھا اور بعد میں دونوں بھائیوں کی لاشوں کو شہر میں گھمایا گیا تھا۔