لاہور (ڈیلی اردو) ہندو برادری سے متعلق متنازع بیان پر وزیر اطلاعات پنجاب فیاض الحسن چوہان نے استعفی دے دیا۔
تفصیلات کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے ’ہندو برادری سے متعلق متنازع بیان پر‘ پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور پنجاب کے صوبائی وزیراطلاعات فیاض الحسن چوہان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
اس حوالے سے وزیراعلیٰ کے ترجمان شہباز گل نے تصدیق کی کہ پارٹی قیادت نے فیاض الحسن چوہان کے بیان کا سخت نوٹس لیا اور عثمان بزدار نے فیاض الحسن چوہان کا استعفیٰ منظور کرلیا۔
انہوں نے بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب اپنے سابق وزیرکے بیان پر ہندوبرادری سے معذرت خواہ ہیں۔
خیال رہے کہ گزشتہ روز فیاض الحسن نے لاہور میں منعقدہ ایک تقریب سے خطاب کیا تھا جس میں پلوامہ حملے کے بعد بھارت کی پاکستان میں دراندازی کی کوشش کے جواب میں انہوں نے سخت الفاظ میں بھارتیوں کے بجائے ہندوؤں کو تنقید کا نشانہ بنایا
۔ان کے بیان کی ویڈیو سماجی رابطوں کی ویب سائٹس پر وائرل ہوگئی جس پر صارفین نے انہیں آڑے ہاتھوں لیا اور حکومت سے ان کے خلاف کارروائی کا مطالبہ کیا گیا۔