اسلام آباد (ڈیلی اردو) دنیا بھر کی طرح پاکستان میں بھی مسیحی برادری آج کرسمس جوش و خروش کے ساتھ منا رہی ہے۔
گرجا گھروں کو خوبصورتی سے سجا دیا گیا جہاں خصوصی عبادات اور دعائیہ تقریبات کا انعقاد ہورہا ہے، ملکی ترقی، امن، سلامتی و خوشحالی کیلیے خصوصی دعائیں کی جارہی ہیں۔
صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی نے اس موقع پر پیغام میں کہا کہ حضرت عیسیٰ ؑ کو اس دنیا میں امن، بھائی چارے اور انسانیت کے احترام کی علامت کے طور پر بھیجا گیا۔
انہوں نے نہ صرف بیمار انسانیت کو شفا بخشی بلکہ رواداری، محبت اور ہمدردی کی اعلیٰ اقدار کی بھی تبلیغ کی، حضرت عیسیٰؑ نے انسانیت کو محبت، امن، رواداری اور ہمدردی کا ابدی پیغام دیا، ہم، بحیثیت مسلمان، اللہ تعالی ٰکے عظیم پیغمبروں میں سے ایک ہونے کی وجہ سے حضرت عیسٰی علیہ السلام کا خصوصی احترام کرتے ہیں۔
صدر مملکت نے کہا کہ پاکستان کا آئین تمام شہریوں کو، بلا لحاظ مذہب، ذات پات اور نسل، بنیادی حقوق کی ضمانت دیتا ہے، مجھے یقین ہے کہ اقلیتیں پاکستان میں امن اور خوشحالی کے فروغ میں اپنا کردار ادا کرتی رہیں گی۔
یاد رہے مسیحی برادری حضرت عیسیٰ علیہ السلام کے یوم ولادت (25 دسمبر) پر کرسمس کا تہوار مناتی ہے۔