تہران (ڈیلی اردو) ایرانی فوج کے سینئر کمانڈر بریگیڈیر جنرل محمد طہرانی مقدم نے کہا ہے کہ اگر اسرائیل نے ایران پر حملہ کرنے کی کوشش کی تو اسے دندان شکن جواب دیا جائیگا، اسرائیل کو ایک منٹ کے اندر صفحہ ہستی سے مٹا دیں گے۔
اسرائیلی میزائل کو ہم تک پہنچنے میں 8 سے 12 منٹ لگیں گے، ہم جنوبی لبنان سے حزب اللہ، فلسطین سے حماس اور شام سے فاطمیون کے ذریعے اسرائیل پر میزائل داغیں گے جو اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات کو مکمل طور پر تباہ کر دیں گے۔
ایرانی فوج کے سینئر کمانڈر بریگیڈیر جنرل محمد طہرانی مقدم نے سحر اردو ٹیلی ویژن چینل کے پروگرام زاویہ نگاہ میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ اگر اسرائیل نے ایران پر میزائل داغے تو اس کے میزائل اگر ایران تک پہنچ گئے تو اس میں 8 سے 12 منٹ لگیں گے جبکہ اگر ہم نے اسرائیل پر میزائل داغے تو وہ ایک سے دو منٹ کے اندر اسرائیل میں اپنے اہداف کو صحیح نشانہ بنائیں گے۔
اس لئے کہ ہم جنوبی لبنان سے حزب اللہ، فلسطین سے حماس اور شام سے فاطمیون کے ذریعے اسرائیل پر میزائل داغیں گے جو اسرائیل کی ایٹمی تنصیبات کو مکمل طور پرتباہ کر دیں گے جسکے نتیجے میں اسرائیل مکمل طور پر تباہ و برباد ہو جائیگا اور اس طرح اسرائیل کو صفحہ ہستی سے محو کرنے سے متعلق بانی انقلاب اسلامی حضرت امام خمینی کا خواب بھی شرمندہ تعبیر ہو جائیگا۔
انہوں نے اسرائیل کی جانب سے ایران کودھمکی دینے پر کہا کہ اس قسم کی دھمکیاں چھوٹے منہ اور بڑی بات کی طرح ہیں۔ اسرائیل اور اس کے حواری ایران پر حملہ کرنے کی جرات نہیں کر سکتے۔