کوئٹہ (ڈیلی اردو) صوبہ بلوچستان کے صوبائی حکومت کوئٹہ میں دھماکا ہوا ہے جس کے نتیجے میں 4 افراد ہلاک اور 13 زخمی ہو گئے۔
پولیس کے مطابق دھماکا کوئٹہ میں جناح روڈ پر واقع سائنس کالج کے قریب ہوا جس کی آواز دور دور تک سنی گئی۔
نمائندہ ڈیلی اردو کے مطابق دھماکا کوئٹہ کے مصروف علاقے جناح روڈ پر گورنمنٹ سائنس کالج کے دروازے کے قریب ہوا جہاں جمعیت علمائے اسلام نظریاتی کا اجتماع ختم ہونے کے بعد کارکنان کی بڑی تعداد باہر آرہی تھی۔
پولیس کے مطابق دھماکے سے قریبی عمارتوں اور گاڑیوں کے شیشے ٹوٹ گئے اور کئی موٹر سائیکلوں کو نقصان پہنچا۔
ڈی آئی جی پولیس کا کہنا ہے کہ دھماکا ایک گاڑی کے قریب ہوا، دھماکے کی نوعیت کا تعین کیا جا رہا ہے، پولیس اور ریسکیو کا عملہ موقع پر موجود ہے اور قانون نافذ کرنے والے اداروں نے علاقے کو گھیرے میں لے کر تفتیش شروع کردی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ زخمیوں کو سول اسپتال منتقل کر دیا گیا ہے اور واقعے کی تحقیقات کی جارہی ہیں۔
ایم ایس سول ہسپتال کوئٹہ ڈاکٹر جاوید اختر نے بتایا کہ ساٸنس کالج کوٸٹہ کے سامنے بم دھماکے میں 4 افراد ہلاک ہوئے۔
ان کا کہنا تھاکہ بم دھماکے کے 13 زخمیوں کو ہسپتال لایا گیا جنہیں فوری اور بہتر طبی سہولیات کی فراہمی یقینی بنائی جا رہی ہے۔
اس سے قبل پولیس نے دھماکے میں دو افراد کے ہلاک اور 10 کے زخمی ہونے کی تصدیق کی تھی۔
وزیراعلیٰ بلوچستان میر عبدالقدوس بزنجو نے کوئٹہ بم دھماکے کی مذمت کرتے ہوئے آئی جی پولیس سے رپورٹ طلب کرلی ہے۔
وزیراعلیٰ نے صوبائی مشیر داخلہ کو شہرکا سکیورٹی پلان مزید مؤثربنانےکی ہدایت بھی کی ہے۔
مشیر داخلہ ضیا لانگو کا کہنا ہے کہ دھماکا ریموٹ کنٹرول تھا مزید تحقیقات کررہے ہیں، دہشت گردوں کا مقصد عوام کو نشانہ بنانا ہے۔ امن کے دشمن اپنے مذموم مقاصد میں کامیاب نہیں ہوسکتے، دہشت اور وحشت پھیلانے والے باہمت قوم کےحصلے پست نہیں کرسکتے، سال نو پر سکیورٹی کے فول پروف انتظامات کیے گئے ہیں۔