لاہور (اے ڈی شہزاد) سید صمصام علی بخاری کو وزیر اطلاعات پنجاب مقرر کردیا گیا ہے۔
وزیراعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے سید صمصام بخاری کو وزیراطلاعات پنجاب مقررکرنے کی منظوری دی ہے۔ صمصام بخاری پی پی 201 سے تحریک انصاف کی ٹکٹ پر الیکشن جیتے تھے۔
واضح رہے کہ فیاض الحسن چوہان نے گزشتہ روز مودی، بھارتی فوج اور بھارتی میڈیا کے خلاف ایک بیان میں ہندوؤں کے مذہب کے بارے میں نازیبا کلمات کہے تھے جس پر اندرون ملک ہندو برادری بھی ناخوش ہوئی تھی۔ وزیر اعظم عمران خان نے بھی فیاض الحسن چوہان کے ریمارکس پر ناراضگی کا اظہار کیا تھا۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ وزیر اعظم نے ہی وزریر اعلیٰ ہنجاب عثمان بزدار کو نوٹس لینے کا کہا اور ان کی وزارت بھی واپس لینے کا حکم دیا، جس پر وزیراعلیٰ پنجاب نے فیاض الحسن چوہان کو ایوان وزیر اعلیٰ طلب کیا اور اپنے فیصلے کے بارے میں آگاہ کیا۔ وزیر اعظم اور وزیر اعلیٰ پنجاب کے فیصلے کے بعد فیاض الحسن چوہان نے استعفیٰ جمع کروادیا جو کہ منظور کرلیا گیا۔
اس سے قبل فیاض الحسن چوہان کے ہندو برادری کے حوالے سے غیر مناسب ریمارکس پر استفے کے مطالبے کی قرارداد پنجاب اسمبلی میں جمع کروائی گئی تھی۔ قرارداد مسلم لیگ (ن) کے رکن پنجاب اسمبلی ملک ارشد ایڈوکیٹ کی جانب سے جمع کروائی گئی تھی۔
قرارداد کے مطابق فیاض الحسن چوہان نے ہندو برادری کے حوالے سے انتہائی غیر مناسب ریمارکس اور غلیظ الفاظ استعمال کیے گئے تھے۔
قرارداد میں مطالبہ کیا گیا کہ صوبائی وزیراطلاعات وہ فوری طور پر اپنی وزارت سے استعفی دیں