اسلام آباد (ڈیلی اردو) پاکستان کے وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ افغانستان کے ساتھ سرحد پر باڑ لگانے کا کام نئی افغان حکومت کو اعتماد میں لینے کے بعد مکمل کیا جائے گا۔
آج (جمعہ) کو اسلام آباد میں صحافیوں سے گفتگو کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ 2600 کلومیٹر کے علاقے پر باڑ لگانے کا کام مکمل ہوچکا ہے جبکہ بقیہ اکیس کلومیٹر کا کام بھی مکمل کیا جائے گا۔
Islamabad :Today Media Talk https://t.co/Tc0IG0nAth pic.twitter.com/z0PF3R968H
— Sheikh Rashid Ahmed (@ShkhRasheed) January 14, 2022
وزیر داخلہ نے کہا کہ موجود ہ حکومت کو مشکل معاشی حالات ورثے میں ملے اور ماضی کے حکمرانوں کی جانب سے قومی خزانہ لوٹنے کے باعث اسے عالمی مالیاتی فنڈ سے رجوع کرنا پڑا۔
شیخ رشید احمد نے اس اعتماد کا اظہار کیا کہ آئندہ دنوں میں روپے کی قدر میں ڈالر کے مقابلے میں اضافہ ہوگا۔وزیر داخلہ نے واضح کیا کہ آئندہ چار ماہ کے دوران بلدیاتی انتخابات ہو رہے ہیں جبکہ اسلامی تعاون تنظیم کے وزرائے خارجہ کے اجلاس میں شرکت کے لئے مارچ میں غیر ملکی شخصیات پاکستان کا دورہ کریں گی۔
ملک کی سیاسی صورتحال کے بارے میں گفتگو کرتے ہوئے وزیر داخلہ نے کہا کہ تحریک انصاف کی حکومت اپنی آئینی مدت پوری کرے گی اور آئندہ مدت کیلئے دوبارہ منتخب ہو گی۔
حزب اختلاف کی جماعتوں کی جانب سے دو الگ مارچ کرنے کے اعلان کے حوالے سے شیخ رشید نے کہا کہ حزب اختلاف کے پاس ملک کی موجودہ صورتحال کو سمجھنے کیلئے کوئی وژن نہیں ہے کیونکہ انہوں نے مظاہروں کیلئے غلط وقت کا انتخاب کیا ہے۔