کابل میں طالبان کا خواتین مظاہرین پر مرچوں کے اسپرے کا استعمال

کابل (ڈیلی اردو) کابل میں احتجاجی مظاہرہ کرنے والے خواتین نے طالبان کی جانب سے کالی مرچوں کا اسپرے کرنے کا الزام عائد کیا ہے۔

غیر ملکی خبر رساں ادارے کے مطابق افغان دارالحکومت کابل میں خواتین تعلیم اور ملازمت کے حقوق کے لیے احتجاج کررہی تھیں کہ اس دوران طالبان نے انہیں منتشر کرنے کے لیے کالی مرچوں کا اسپرے کردیا۔

فرانسیسی خبر رساں ایجنسی اے ایف پی کے مطابق کابل یونیورسٹی کے سامنے کچھ خواتین کی جانب سے احتجاج کیا گیا جس میں انہوں نے مساوات اور انصاف کی فراہمی کے نعرے لگائے جب کہ انہوں نے خواتین کے حقوق کے بینرز بھی اٹھا رکھے تھے۔

رپورٹ میں بتایا گیا ہےکہ چند گاڑیوں میں سوار طالبان جنگجو علاقے میں پہنچے اور احتجاج کرنے والی خواتین کو منتشر کرنے کے لیے اسپرے کیا۔

خبر ایجنسی کےمطابق احتجاجی خواتین کا کہنا تھا کہ تین گاڑیوں میں سوار طالبان جنگجوؤں نے انہیں احتجاج سے روکنے کے لیے ان پر کالی مرچوں کا اسپرے کیا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس کابل پر کنٹرول کے بعد طالبان کی جانب سے افغانیوں بالخصوص افغان خواتین پر متعدد پابندیاں عائد کی جاچکی ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں