15

کالعدم تنظیموں کیخلاف کریک ڈاؤن: ملک بھرمیں انتظامیہ نےہسپتال، مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا

اسلام آباد + راولپنڈی + کراچی (ڈیلی اردو) وفاقی حکومت کے حکم پر کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسلہ جاری ہے جس کے نتیجے میں اسلام آباد اور راولپنڈی میں کالعدم تنظیموں کے مساجد، مدارس اور اسپتالوں کو سرکاری تحویل میں لے لیا گیا ہے۔

وفاقی حکومت کے حکم پر کالعدم تنظیموں کے خلاف کریک ڈاؤن کا سلسہ جاری ہے، ذرائع کے مطابق کالعدم تنظیموں کے خلاف ایکشن ڈپٹی کمشنر کی سربراہی میں کیا جارہا ہے جس کے نتیجے میں اڈیالہ روڈ اور چاکرہ میں قائم 2 فلاحی ڈسپنسریوں اور جماعت الدعوۃ کے ابوبکر اسپتال کو سیل کردیا گیا، چاکرہ روڈ پر جماعت الدعوۃ کا مدرسہ بھی سرکاری تحویل میں لے لیا گیا۔

دوسری جانب اسلام آباد میں بھی نیشنل ایکشن پلان پر عمل کرتے ہوئے انتظامیہ نے کالعدم تنظیموں کے زیرانتظام مساجد و مدارس کا کنٹرول سنبھال لیا جبکہ قانون نافذ کرنے والے اداروں نے متعدد افراد کو حراست میں بھی لیا ہے۔

ذرائع کے مطابق تحویل میں لیے گئے مساجد و مدارس میں مسجد قبا، مدرسہ خالد بن ولید، مدرسہ ضیاءالقرآن شامل ہیں، یہ تمام مساجد و مدارس اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں واقع ہیں، محکمہ اوقاف نے مساجد کے نئے امام اور خطیب بھی مقرر کردیے ہیں۔

مشیر وزیراعلیٰ سندھ بیرسٹر مرتضی وہاب کا کہنا ہے کہ جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت کے تحت چلنے والے مدارس اور فلاحی ادارے سندھ حکومت نے اپنی تحویل میں لے لیے ہیں، اب یہ ادارے سندھ حکومت کے زیر نگرانی چلائے جائیں گے۔

انہوں نے کہا کہ جو شخص بھی اس میں رکاوٹ بنے گا اسے قانون کے تحت حراست میں لیا جائے گا۔ جماعت الدعوہ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن کے اداروں کو چلانے کے لیےضلعی سطح پر کمیٹیاں تشکیل دی گئیں ہیں۔

مشیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ کمیٹی میں محکمہ تعلیم، صحت، اوقاف اور متعلقہ ڈپٹی کمشنر ممبر ہوں گے۔ کسی کو پریشانی کی ضرورت نہیں ان اداروں کی تمام فنڈنگ اب سندھ حکومت کرے گی۔

گزشتہ روز وزارت داخلہ نے کالعدم تنظیموں کے خلاف کارروائی کرتے ہوئے بھارتی ڈوزیئر میں شامل افراد سمیت کالعدم تنظیموں کے 44 کارکنوں کو حراست میں لیا تھا۔

واضح رہے کہ جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر چند روز قبل پابندی کا اعلان کیا گیا تھا تاہم گزشتہ روز وزارت داخلہ نے باقاعدہ نوٹی فکیشن جاری کیا تھا، وزارت داخلہ نے انسداد دہشت گردی ایکٹ 1997ء کے تحت جماعت الدعوۃ اور فلاح انسانیت فاؤنڈیشن پر پابندی لگائی ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں