کراچی(ڈیلی اردو) وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک کا تقریباً 22 کھرب روپے کا قرض واپس کر دیا، آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد حکومت نے مرکزی بینک کے قرضوں کی فوری واپسی شروع کر دی۔ تفصیلات کے مطابق وفاقی حکومت نے اسٹیٹ بینک کا تقریباً 22 کھرب روپے کا قرض واپس کر دیا تاہم یہ قرض واپسی کمرشل بینکوں سے نیا قرض لے کر ہی کی گئی۔
وفاقی حکومت اب تک مرکزی بینک سے قرض لے کر پرانے قرضوں کی واپسی اور دوسرے اخراجات پورے کر رہی تھی جس کے باعث فروری کے پہلے ہفتے کے اختتام تک مرکزی بینک سے لیے گئے حکومتی قرضوں کا مجموعی حجم 39 کھرب 5 ارب روپے کی بلند ترین سطح پر پہنچ گیا تھا لیکن آئی ایم ایف کے تحفظات کے بعد حکومت نے مرکزی بینک کے
قرضوں کی فوری واپسی شروع کر دی۔ اسٹیٹ بینک کے مطابق فروری کے دوسرے ہفتے کے دوران حکومت نے مرکزی بینک کو 21 کھرب 73 ارب 50 کروڑ روپے کے قرضے واپس کیے، تاہم قرض کی واپسی کے لیے حکومت نے کمرشل بینکوں سے مجموعی طور پر 21 کھرب 10 ارب روپے کا قرض لیا۔
قرض کی واپسی کے بعد رواں مالی سال اب تک مرکزی بینک سے حکومتی قرضوں کا حجم 17 کھرب 31 ارب 92 کروڑ روپے رہ گیا لیکن یہ قرض بھی گزشتہ مالی سال کے اس عرصے کے قرض سے 297 فیصد زیادہ ہے۔