تہران (ڈیلی اردو) ایران کے سرکاری ٹی وی چینل کے مطابق پیر کو ایک ایرانی فوجی لڑاکا طیارہ شمال مغربی شہر تبریز کے رہائشی علاقے میں گر کر تباہ ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں ایک شہری اور جہاز کے عملے کے دو افراد ہلاک ہو گئے ہیں۔
فلاحی تنظیم ہلالِ احمر کے مقامی سربراہ کا کہنا ہے کہ فوجی طیارہ ایک اسکول سے ٹکرایا تھا۔ ہلاک ہونے والوں میں ایک شخص علاقے کا رہائشی تھا۔ سرکاری ٹی وی کے مطابق حادثے کی تحقیقات کا آغاز کر دیا گیا ہے۔
ایران کی سرکاری خبر رساں ایجنسی نے اپنی ویب سائٹ پر اس حادثے کی ویڈیو فوٹیج پوسٹ کی جس میں فائر فائٹرز کو جائے حادثہ پر آگ بجھاتے ہوئے دکھایا گیا ہے۔ ایران کی فضائیہ کے پاس زیادہ تر سوویت دور کے روسی مگ اور کچھ چینی طیارے بھی ہیں۔
انیس سو اناسی کے اسلامی انقلاب سے پہلے کے کچھ امریکی F-4 اور F-5 لڑاکا طیارے بھی اس کے فضائی بیڑے کا حصہ ہیں۔