آپریشن ردالفساد کا مقصد دو دہائیوں کی جنگ اور دہشت گردوں کا خاتمہ تھا، ترجمان پاکستانی فوج

راولپنڈی (ڈیلی اردو) پاکستانی فوج کے شعبہ تعلقات عامہ (آئی ایس پی آر) کے ڈائریکٹر جنرل میجر جنرل بابر افتخار نے کہا کہ آپریشن ردالفساد کا مقصد دو دہائیوں کی جنگ اور دہشت گردوں کا خاتمہ تھا۔

ڈی جی آئی ایس پی آر میجر جنرل بابر افتخار نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ آپریشن ردالفساد کے 5 سال مکمل ہوگئے، آپریشن کا مقصد پاکستانی عوام کی سکیورٹی یقینی بنانا تھا، آپریشن کامیابی کے ساتھ جاری رہا، آپریشن ردالفساد کے نتیجے میں ملک غیر یقینی صورتحال سے نکل کر پر امن ہوا، ردالفساد کی کامیابیاں شہدا کے خون اور عوام کے عزم سے ممکن ہو سکیں۔

ڈی جی آئی ایس پی آر کے مطابق آرمی چیف جنرل قمر جاوید باجوہ کا کہنا تھا کہ شہدا کی قربانیوں، عوام کے عزم اور جرات کو سلام پیش کرتے ہیں۔

خیال رہے کہ پاکستانی فوج نے 22 فروری 2017 کو ملک بھر میں آپریشن ’رد الفساد‘ شروع کرنے کا اعلان کیا تھا۔

واضح رہے کہ اس سے قبل پاکستانی فوج نے جون 2014 میں شمالی وزیرستان میں دہشت گردوں کے خلاف ایک آپریشن ’ضرب عضب‘ کا آغاز کیا تھا۔

جب کہ 2009ء میں وادی سوات اور اس سے ملحقہ اضلاع میں ’راہ راست‘ اور اسی سال جنوبی وزیرستان میں ’راہ نجات‘ کے نام سے آپریشن کیے گئے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں