اسلام آباد (ڈیلی اردو/وی او اے) اسلام آباد کی ایک مقامی عدالت نے نور مقدم قتل کیس کا فیصلہ سناتے ہوئے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو موت کی سزا کا حکم دیا ہے۔
ایڈیشنل ڈسٹرکٹ اینڈ سیشن جج عطا ربانی نے جمعرات کو نور مقدم قتل کیس کا محفوظ فیصلہ پڑھ کر سنایا۔ عدالت نے 22 فروری کو حتمی دلائل مکمل ہونے اور وکلا کے جواب الجواب کے بعد فیصلہ محفوظ کیا تھا۔
اسلام آباد سے وائس آف امریکہ کے نمائندے عاصم علی رانا کے مطابق عدالت میں فیصلہ سنائے جانے کے وقت مقدمے میں نامزد مرکزی ملزم ظاہر جعفر، ان کے والد ذاکر جعفر، والدہ عصمت آدم جی سمیت 12 ملزمان موجود تھے۔
عدالت نے کیس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو سزائے موت جب کہ دو شریک ملزمان گھر کے گارڈ افتخار اور مالی جان محمد کو دس دس برس قید کی سزا سنائی ہے۔
عدالت نے کیس میں نامزد باقی تمام ملزمان کو بری کردیا جس میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کے والدین بھی شامل ہیں۔ مزید برآں عدالت نے تھیراپی ورکس کے ملازمین کو بھی بری کرنے کا حکم دیا ہے۔
وفاقی دارالحکومت میں سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحب زادی نور مقدم کو گزشتہ برس جولائی میں قتل کیا گیا تھا۔ جائے وقوع سے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا گیا تھا۔
اس کیس کا ٹرائل چار ماہ میں مکمل ہوا جس میں پراسیکیوشن کے 19 گواہان کے بیانات ریکارڈ کیے گئے۔
عدالت نے کیس کے مختصر فیصلے میں مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو پانچ لاکھ روپے نورمقدم کے اہل خانہ کو دینے کا بھی حکم دیا۔ عدالت نے نورمقدم کو اغوا کرنے کے جرم میں دفعہ 364 کے تحت دس سال قید اور ایک لاکھ روپے جرمانہ اور دفعہ 376 کے تحت ریپ کے الزام میں ظاہر جعفر کو 25 سال قید اور دو لاکھ روپے جرمانے کی بھی سزا سنائی۔
عدالتی فیصلے کے بعد سوشل میڈیا پر نورمقدم اور ظاہر جعفر کے نام کا ہیش ٹیگ بھی ٹرینڈ کر رہا ہے۔
ٹوئٹر پر حنا پرویز بٹ نامی صارف نے نور مقدم کی تصویر شیئر کرتے ہوئے کہا کہ ”بالآخر انصاف ہو گیا۔”
Finally justice prevailed! ????????#NoorMuqaddam pic.twitter.com/ihGtk09TnE
— Hina Parvez Butt (@hinaparvezbutt) February 24, 2022
انس ملک نامی ٹوئٹرصارف کا کہنا تھا کہ اگرچہ عدالت نے ظاہر جعفر کو سزائے موت کا حکم دیا ہے لیکن نور مقدم کے لیے انصاف کا راستہ آسان نہیں ہے۔ انصاف کے لیے ابھی کم از کم دو مرحلے باقی ہیں۔
While verdict of hang to death to Zahir Jaffer has been ruled by court, Road to Justice for #NoorMuqaddam is not easy. Atleast 2 more stages until Justice is served. He can challenge the verdict in uppercourt in 30 days and IF mentally unstable, then he cannot be hanged per law
— Anas Mallick (@AnasMallick) February 24, 2022
انہوں نے کہا کہ ظاہر جعفر 30 روز میں فیصلے کو اعلیٰ عدالت میں چیلنج کرسکتے ہیں اور اگر وہ ذہنی طور پر ٹھیک نہیں تو انہیں قانون کے مطابق پھانسی نہیں دی جاسکتی۔
کومل شاہد نامی ٹوئٹر صارف نے کہا کہ ”نور ہم آپ کو واپس تو نہیں لاسکتے لیکن مجھے امید ہے کہ آج کی رات آپ کے والدین سوئیں گے۔”
انہوں نے کہا کہ” مجھے امید ہے کہ ان کے والدین یہ جان کر کچھ حد تک سکون میں ہوں گے کہ ان کی بیٹی کا قاتل باہر آزاد نہیں گھوم رہا۔”
Noor, we cannot bring you back but I hope your parents sleep tonight. I hope they find a little peace knowing their daughter’s killer isn’t roaming around freely. Justice served. #JusticeForNoor #NoorMuqaddam pic.twitter.com/PrLDrVGug8
— Komal Shahid (@ArmedWithWords) February 24, 2022
ایک اور ٹوئٹر صارف وشال سیگل نے لکھا کہ نورمقدم کو انصاف مل گیا، ظاہر جعفر کو وہ ملا جس کا وہ حق دار تھا۔
#NoorMuqaddam finally gets justice. Murderer #ZahidJaffer got what he deserves. https://t.co/rMVErgAVlt
— Vishal Sehgal (@VishalSehgal4U) February 24, 2022
نور مقدم کیس
گزشتہ برس 20 جولائی کی شب اسلام آباد کے پوش سیکٹر ایف-سیون کے ایک گھر میں لاش ملنے کی اطلاع پر پولیس موقع پر پہنچی تھی۔
بعد ازاں پولیس نے تصدیق کی تھی کہ سابق سفیر شوکت مقدم کی صاحب زادی نور مقدم کو بہیمانہ انداز میں قتل کیا گیا تھا اور ان کی سربریدہ لاش وہاں پڑی ہوئی تھی۔
پولیس نے موقع سے مرکزی ملزم ظاہر جعفر کو گرفتار کیا تھا۔ اس کیس کے حوالے سے سول سوسائٹی نے بھرپور احتجاج کیا تھا اور ملزمان کے خلاف سخت کارروائی کا مطالبہ کیا تھا۔
وزیرِ اعظم عمران خان نے بھی اس کیس کے حوالے سے پولیس کو جلد کارروائی مکمل کرنے کی ہدایت کی تھی۔