رومانیہ میں فوجی ہیلی کاپٹر گر کر تباہ، پائلٹ سمیت 8 اہلکار ہلاک

بخارسٹ (ڈیلی اردو) رومانیہ میں ہیلی کاپٹر گرکر تباہ ہوگیا جس کے نتیجے میں پائلٹ سمیت 8 فوجی ہلاک ہوگئے۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق بدھ کے روز یہ ہیلی کاپٹر مشرقی رومانیہ میں ایک لاپتا لڑاکا طیارے اور اس کے پائلٹ کی تلاش کے لیے نکلا تھا جو گر کر تباہ ہوگیا۔

غیر ملکی میڈیا کے مطابق رومانیہ کی وزارت دفاع نے ہیلی کاپٹر آئی اے آر 330 کو حادثے کے نتیجے میں 8 فوجیوں کی ہلاکت کی تصدیق کی ہے۔

میڈیا رپورٹس میں بتایا گیا ہے کہ ہیلی کاپٹر میں پانچ کریو ممبران بھی تھے جن میں سے دو بحریہ کے تیراک تھے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق ہیلی کاپٹر حادثے کے بعد بھی مگ 21 ائیر کرافٹ اور اس کے پائلٹ کی تلاش کے لیے آپریشن جاری ہے، لاپتا جہاز کے پائلٹ نے خراب موسم کی اطلاع دی تھی جس پر اسے واپس بیس آنے کی ہدایت دی گئی لیکن پائلٹ واپس نہ آسکا جس کے بعد جہاز کی تلاش کے لیے آپریشن شروع کیا گیا۔

بحیرہ اسود کے قریب پیش آنے والا یہ حادثہ رومانیہ کی حالیہ تاریخ کا بدترین فضائی حادثہ ہے۔ یورپی یونین کا یہ رکن ملک مشرق کی جانب نیٹو کا فرنٹ لائن اتحادی ہے۔

رومانیہ سابق سوویت یونین کا حصہ تھا لیکن بعدازاں یہ یورپی یونین اور نیٹو کا رکن بنا۔ اس ملک میں امریکا نے بھی اپنے فوجی تعینات کر رکھے ہیں۔

یوکرینی مہاجرین پناہ لینے کے لیے اس ملک میں بھی داخل ہو رہے ہیں۔

اپنا تبصرہ بھیجیں