نیو یارک (ڈیلی اردو) اقوام متحدہ کے سیکریٹری جنرل انتونیو گوتریس نے پشاور دھماکے کو ’خوفناک‘ قرار دیتے ہوئے اس کی شدید مذمت کی ہے اور واقعے میں ملوث ملزمان کو انصاف کے کٹہرے میں لانے کا مطالبہ کیا ہے۔
ایک ٹوئٹ میں انتونیو گوتریس نے کہا کہ عبادت گاہیں، عبادت کے لیے ہوتی ہیں کسی کو نشانہ بنانے کے لیے نہیں ہوتی۔
انہوں نے پشاور واقعے میں جاں بحق ہونے والوں کے اہل خانہ سے بھی تعزیت کی اور زخمیوں کی جلد صحتیابی کی دعا بھی کی۔
Houses of worship should be havens, not targets.
I condemn today’s horrific attack on a mosque in Peshawar, Pakistan, during Friday prayers.
My condolences to those who have lost loved ones, and my solidarity with the people of Pakistan.
— António Guterres (@antonioguterres) March 4, 2022
پاکستان کی سرکاری خبر رساں ادارے ’اے پی پی‘ کے مطابق سیکریٹری جنرل نے اقوام متحدہ میں پاکستان کے سفیر منیر اکرم سے ٹیلی فونک رابطے میں واقعے پر ’شدید افسوس‘ کا اظہار بھی کیا۔
انہوں نے منیر اکرم سے کہا کہ انہیں پشاور کے واقعے پر شدید افسوس ہے، وہ ذاتی طور پر پشاور کے حوالے سے معلومات رکھتے ہیں اور وہاں کے لوگوں نے ان کے ساتھ بہت اچھا سلوک کیا تھا۔
اقوام متحدہ کے سربراہ نے زور دیا کہ ’حملے میں ملوث ملزمان کا حساب ہونا چاہیے‘۔
رپورٹس کے مطابق گزشتہ روز پشاور میں نماز جمعہ دوران دھماکا ہوا تھا جس میں 63 افراد ہلاک جبکہ 200 زخمی ہوئے تھے۔
انسپکٹر جنرل (آئی جی) خیبر پختونخوا معظم جا انصاری نے میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے بتایا تھا کہ حملے کے وقت پولیس موقع پر موجود تھی اور عبادت گاہ کے باہر 2 اہلکار سیکورٹی تعینات تھے۔
ان کا کہنا تھا کہ پہلے پستول سے فائرنگ اور پھر خودکش حملہ کیا گیا، دہشت گرد کالے کپڑوں میں ملبوس تھا جبکہ دھماکے میں 5 سے 6 کلوگرام دھماکا خیز مواد استعمال ہوا۔
آئی جی خیبر پختونخوا کا کہنا تھا کہ دھماکے کے حوالے سے کوئی پیشگی اطلاع نہیں تھی جبکہ سی سی ٹی وی فوٹیج میں ایک دہشت گرد کو دیکھا گیا ہے۔