پشاور (ڈیلی اردو) صوبہ خیبر پختونخوا کے صوبائی حکومت پشاور کی شیعہ جامع مسجد میں دھماکا کرنے والے خود کش حملہ آور کا نام اور پتہ سامنے آ گیا ہے۔
پولیس کی جانب سے پشاور کی جامعہ مسجد کوچہ رسالدار میں ہونے والے خودکش حملے کی تحقیقات جاری ہیں۔
ذرائع کا بتانا ہے کہ مسجد میں خودکش دھماکا کرنے والے حملہ آور کا نام عبداللہ ہے اور پشاور کا رہائشی تھا، حملہ آور کا فارم ب بھی بنا ہوا ہے۔
ذرائع کے مطابق دہشت گرد نیٹ ورک اقلیتی برادری پر حملوں میں بھی ملوث ہے، نیٹ ورک کے ایک سہولت کار کی شناخت ہو گئی ہے۔
ذرائع کا کہنا ہے کہ سہولت کار کا ڈیٹا اور تصویر حاصل کرلی گئی ہے، مبینہ سہولت کار کا تعلق ضلع خیبر کے علاقے جمرود سے ہے، دیگر سہولت کاروں کی گرفتاری کے لیے قبائلی اضلاع میں کوششیں جاری ہیں۔
شدت پسند تنظیم نام نہاد دولتِ اسلامیہ (داعش) نے اس حملے کی ذمہ داری قبول کر لی ہے۔
اس حوالے سے دولتِ اسلامیہ کے خبر رساں ونگ اعماق نے اپنی ویب سائٹ پر ایک پریس ریلیز اور مبینہ حملہ آور کی تصویر بھی جاری کی ہے۔
واضح رہے کہ مرکزی شیعہ مسجد کے اندر خودکش حملے میں 65 افراد ہلاک جب کہ 200 زخمی ہوگئے۔ خود کش حملہ نماز جمعہ کے دوران کیا گیا۔ مرنے والوں میں 10 بچے بھی شامل ہیں.