اسلام آباد (شبیر حسین طوری) ڈیرہ غازیخان میں انسداد دہشت گردی فورس (سی ٹی ڈی) نے ایک بار پھر دہشت گردی کا منصوبہ ناکام بنا دیا۔
تفصیلات کے مطابق صوبہ پنجاب کے شہر ڈیرہ غازی خان میں دہشت گرد تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے تعلق رکھنے والے دو دہشت گردوں کو گرفتار کر کے، ہینڈ گرنیڈ اور بارودی مواد برآمد کرلیا۔
سی ٹی ڈی حکام کا کہنا ہے کہ ڈی جی خان کے علاقے جھوک اترا کے قریب سے تحریک طالبان پاکستان کے دو دہشت گردوں کو گرفتار کیا گیا، جنکی شناخت بلال اور کاشف کے نام سے ہوئی۔
گرفتار دہشت گرد بلال اور کاشف سے ہینڈ گرنیڈ، اسلحہ اور ایک لاکھ روپے کی رقم برآمد کرلی گئی، گرفتار دہشت گردوں کا تعلق کالعدم تنظیم تحریک طالبان پاکستان سے ہے، دہشت گرد سرکاری اداروں پر حملہ کرنےکا منصوبہ بنا رہے تھے۔
خیال رہے کہ گذشتہ ماہ بھی سیکیورٹی فورسز نے اہم کارروائی کرتے ہوئے ایک دہشت گرد کو ہلاک کیا تھا۔
سیکیورٹی فورسز سے فائرنگ کے تبادلے میں ایک دہشت گرد ہلاک اور ایک زخمی ہوگیا تھا جبکہ دہشت گردوں نے گشت کرنے والی رینجرز کی ٹیم پر فائرنگ کی تھی۔
فائرنگ سے رینجرز کے ایک کرنل سمیت دو اہلکار زخمی ہوگئے تھے