اسلام آباد( زینب عباس ) پٹرولیم ڈویژن نے بنی گالہ میں واقع دفتر خارجہ کے اعلیٰ افسر کے گھر سے مبینہ گیس چوری معاملے پر رپورٹ طلب کرلی ہے۔
ایس این جی پی ایل کے یو ایف جی ڈیپارٹمنٹ نے جرمانہ کی رقم کے تعین اور قانونی کارروائی کے لیے ورکنگ شروع کر دی ہے، جلد ہی اپنی رپورٹ مرتب کر کے پٹرولیم ڈویژن کو ارسال کر دی جائے گی۔
ایس این جی پی ایل کے حکام نے بتایا ہے کہ بنی گالہ میں ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل کے گھر سے گیس چوری ہو رہی تھی ان کے گیس کا میٹر نمبر BK-G4-1512027797 ہے جو کہ ضبط کر لیا گیا ہے۔
اس حوالے سے جی ایم ایس این جی پی ایل محمد ظہور نے رابطہ کرنے پر بتایا کہ گیس چوروں کے خلاف آپریشن جاری ہے اسی ضمن میں یہ کارروائی کی گئی ہے ان کو یہ معلوم نہیں تھا کہ یہ گھر کس کا ہے یہ تو میڈیا سے معلوم ہوا ہے ، گیس میٹر چکلالہ سے چوری کیا گیا تھا اور یہ آپریشن کے دوران ضبط کر کے تھانہ میں مقدمہ کے لیے درخواست جمع کر ادی گئی ہے، پٹرولیم ڈویژن اس معاملے کو مانیٹر کررہاہے ، جلد رپورٹ مرتب کر کے ارسا ل کردی جائے گی۔
دوسری جانب ترجمان دفتر خارجہ ڈاکٹر فیصل نے معاملے سے لاعلمی ظاہر کی ہے اور تردید کرتے ہوئے کہاہے کہ وہ بنی گالہ میں نہیں ایف سکس کے علاقے میں رہتے ہیں۔ جبکہ اس حوالے سے مقدمے کے تفتیشی افسر محمد یوسف نے رابطہ کرنے پر بتایاکہ کل گیس چوری کے حوالے سے سوئی نادرن گیس حکام نے ایک درخواست دی۔
تفتیشی افسر پولیس اسٹیشن بنی گالہ یوسف حسین سے اس سلسلے میں جب رابطہ کیا گیا تو اس کا کہنا تھا کہ درخواست ڈاکٹر فیصل کے خلاف نہیں آئی بلکہ گیس چوری کی درخواست ہاؤس نمبر 2 اشرف روڈ بنی گالا کے خلاف دی گئی ہے جس کے مالک ڈاکٹر فیصل ہیں جو کہ ترجمان دفتر خارجہ ہیں۔