واشنگٹن (ڈیلی اردو) یمن میں ایران نواز حوثی باغیوں کے زیرقبضہ علاقے میں قید دو امریکی خواتین کو ریسیکو کر لیا گیا ہے۔
برطانوی میڈیا کے مطابق یمن میں پیدا ہونیوالی 19 اور 20 سالہ خواتین کو صنعا سے یمن کے جنوبی شہر عدن اور پھر سعودی دارالحکومت ریاض لے جایا گیا جہاں ان کا میڈیکل چیک اپ اور ضروری طبی امداد دی گئی۔
سعودی عرب کی وزارت دفاع نے جمعے کو ایک بیان میں اس آپریشن کی تصدیق کرتے ہوئے کہا کہ سعودی فضائیہ کے طیارے نے خواتین کو عدن سے ریاض پہنچایا۔
ذرائع نے دونوں کی شناخت یا ان کے بارے دیگر معلومات بتانے سے گریز کرتے تصدیق کی کہ یہ خواتین امریکہ واپس پہنچ چکی ہیں۔
امریکی محکمہ خارجہ نے تفصیلات بتائے بغیر کہا ہے کہ ان خواتین کو یمن سے نکلنے میں مدد فراہم کی گئی ہے۔
دوسری جانب باغیوں کے مطابق ان خواتین کی رہائی ریسکیو آپریشن کے ذریعے نہیں ہوئی بلکہ یہ خواتین خود فرار ہوئیں۔
ریاض حکومت کے مطابق یہ دو نوجوان خواتین سن 2014 میں صنعا میں اپنے رشتہ داروں سے ملنے گئیں تھیں، جب حوثی باغیوں نے شہر پر قبضہ کیر اور انہیں قید کر لیا۔
سعودی وزارت دفاع نے کہا ہے کہ ان امریکی خواتین کو صنعا میں قید سے رہائی کے بعد پہلے جنوبی شہر عدن منتقل کیا گیا تھا جب کہ بعد میں انہیں ریاض پہنچا دیا گیا۔