پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا حکومت نے قبائلی ضلع خیبر میں دہشتگردی کے دوران تباہ ہونے والے 58 اسکولوں کی تعمیر نو کی منظوری دے دی۔
ضلع خیبر میں دہشتگردی کےدوران تباہ ہونے والے 58 اسکولوں کی تعمیر نو کے لیے 2 بلین روپے چین جب کہ 21 کروڑ روپے صوبائی حکومت نے فراہم کیے ہیں۔
ڈیڈک کے چیئرمین اور ایم پی اے محمد شفیق کا کہنا ہے کہ فنڈز محکمہ تعلیم کے اکاؤنٹ میں ٹرانسفر ہوچکے ہیں جس کے بعد تعمیر نو کا کام چند دنوں میں ہوگا۔
انہوں نے کہا کہ 2016 میں تعمیراتی پراجیکٹ کے لیے فنڈ منظور ہوا تھا مگر تاخیر کے باعث مٹیریل مہنگا ہوگا، اب ٹھیکیداروں اور حکومت کےدرمیان مذاکرات حتمی مراحل میں ہیں۔
خیال رہے کہ تعلیم دشمن عناصر کے ہاتھوں ضلع خیبر میں اسکولوں کی تباہی سے ہزاروں بچے 13 سال تک مسلسل تعلیم کے حصول سے محروم رہے جس کے بعد 2016 میں کامیاب آپریشن کے باعث امن قائم ہوا۔
امکان ہے کہ ضلع خیبر میں تباہ ہونے والی درسگاہوں کی تعمیر نو سے شرح خواندگی پر مثبت اثرات مرتب ہوں گے۔