پشاور (ڈیلی اردو) خیبر پختونخوا کی کابینہ نے رواں ماہ کے آغاز میں پشاور کی شیعہ جامع مسجد دھماکے میں ہلاک ہونے والوں کو ورثا کو فی کس 20 لاکھ روپے معاوضہ دینے کی منظوری دی ہے۔
تفصیلات کے مطابق مذکورہ فیصلہ وزیر اعلیٰ خیبرپختونخوا محمود خان کی زیر صدارت اجلاس میں کیا گیا جس میں وزرا، مشیروں ایڈمنسٹریٹیو سیکریٹریز نے شرکت کی۔
وزیراعلیٰ خیبرپختونخوا @IMMahmoodKhan کی زیر صدارت صوبائی کابینہ کا اجلاس
اجلاس میں فیصلوں کی تفصیل :
▪صوبائی کابینہ نے سانحہ کوچہ رسالدار پشاور کے شہداء کے لواحقین کے لیے فی کس 20 لاکھ روپے معاوضے کی منظوری دی ہے۔ pic.twitter.com/Ps5BKB1uTL— Syed furqan (@furqanulwahab) March 15, 2022
وزیر اعلیٰ کے معاون خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے میڈیا کو بتایا کہ کابینہ کے اجلاس میں کوچہ رسالدار مسجد حملے میں ہلاک ہونے والوں کے ورثا کو معاوضہ دینے سے متعلق بات چیت کی گئی۔
ان کا کہنا تھا کہ کابینہ نے دھماکے میں ہلاک ہونے والے ہر شخص کے خاندان کے لیے 20 لاکھ روپے معاوضے کی منظوری دی ہے۔
معاون خصوصی کا کہنا تھا کہ کابینہ نے واقعے میں شدید زخمی افراد کو 5 لاکھ جبکہ معمولی زخمیوں کے لیے 2 لاکھ روپے معاوضے کی منظوری دی ہے۔
انہوں نے کہا کہ وزیر اعلیٰ نے متعلقہ عہدیداران کو ہدایت دی ہے کہ معاوضے کے چیک تیار کیے جائیں اور 3 روز میں انہیں متاثرہ خاندانوں کو تقسیم کیا جائے۔
اس دہشت گردانہ حملے کی ذمہ داری اسلامک اسٹیٹ ان خراسان (داعش خراسان) نامی تنظیم نے قبول کی تھی۔ اس حملے میں کم از کم 70 افراد ہلاک اور 200 زخمی ہوگئے تھے۔