سیول (ڈیلی اردو) جنوبی کوریا کی فضائیہ کے 2 تربیتی طیارے دوران ایکسرسائز آپس میں ٹکرا کر زمین پر گر کر تباہ ہوگئے۔
غیر ملکی خبرایجنسی کے مطابق جنوبی کورین حکام کا کہنا ہے کہ تربیتی طیاروں کے آپس میں ٹکرانے کے واقعے میں تمام 4 پائلٹ ہلاک ہوگئے جبکہ واقعے کے مقام پر امدادی کارروائیاں شروع کردی گئی ہیں۔
حکام نے ایک بیان میں کہا کہ دونوں تربیتی طیاروں نے جمعے کے روز جنوب مشرقی شہر ساچیون میں فضائیہ کے ایک ہوائی اڈے سے اڑان بھری تھی تاہم یہ تصادم پہلے طیارے کے اڑان بھرنے کے تقریباً 5 منٹ بعد مقامی وقت کے مطابق دوپہر 1 بج کر 37 منٹ پر ہوا۔
جنوبی کوریا کی فضائیہ کے مطابق ہر طیارے میں ایک ٹرینر پائلٹ اور ایک انسٹرکٹر بھی سوار تھا جبکہ حادثے سے پہلے تمام لوگوں نے ایجیکٹ (طیارے سے باہر نکلنا) کردیا تھا تاہم زمین پر وہ مردہ پائے گئے۔
رپورٹس کے مطابق تقریباً 130 فوجیوں، 95 پولیس افسران اور 60 فائر فائٹرز کے ساتھ ساتھ تین ہیلی کاپٹروں نے جائے حادثہ کی تلاش کی۔
دوسری جانب حکام نے واقعے کی تحقیقات کا حکم دے دیا ہے۔