تہران (ڈیلی اردو) ایران کے شہر مشہد میں امام رضا کے مزار میں مسلح شخص نے حملہ کردیا جس کے نتیجے میں ایک عالم دین کے قتل ہونے کی اطلاعات ہیں۔
برطانوی خبر رساں ایجنسی رائٹرز کے مطابق چاقو بردار شخص کے حملے میں ایک عالم دین قتل اور دو زخمی ہوئے۔
ایران کی نیم سرکاری نیوز ایجنسی ’تسنیم‘ کے مطابق حملہ آور کو گرفتار کرلیا گیا ہے جبکہ زخمیوں کو اسپتال منتقل کردیا گیا ہے۔
اس حملے سے متعلق سوشل میڈیا پر متعدد ویڈیوز اور تصاویر بھی گردش کر رہی ہیں تاہم آزاد ذرائع سے ان کی تصدیق نہیں ہوسکی ہے۔ ان ویڈیوز میں دو افراد کو مزار کے احاطے میں خون میں لت پت پڑا دیکھا جاسکتا ہے۔
پولیس کی جانب سے حملہ آور سے متعلق کوئی تفصیل جاری نہیں کی گئی ہے۔ ایران کے سرکاری ٹی وی کے مطابق حملے میں قتل ہونے والے عالم دین کا نام محمد اصلانی بتایا جارہا ہے تاہم زخمیوں کے حوالے سے کوئی تفصیل فراہم نہیں کی گئی۔
علاوہ زایں حملہ آور کی شناخت کا عمل بھی جاری ہے اور اس سے تحقیقات کی جارہی ہیں۔
خیال رہے کہ 1994 میں امام رضا کے مزار کے مرکزی ہال میں دھماکا ہوا تھا جس میں 26 افراد ہلاک گئے تھے۔