کراچی (ڈیلی اردو) ملک کے مختلف شہروں میں ایک بار پھر بادل برس پڑے، کئی علاقوں میں بارش نے جاتی سردی کو روک لیا، ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔
تفصیلات کے مطابق محکمہ موسمیات کی جانب سے بلوچستان میں مزید بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے، مارچ میں بارش اور برفباری کا مارچ پاسٹ جاری ہے، جاتی سردی کو بریک لگ گیا، بالائی علاقوں میں روئی کے گالوں کی برسات کی وجہ سے مری اور مالم جبہ میں دو انچ تک برف پڑی۔
پہاڑوں پر برفباری سے نظارے دلفریب ہوگئے، موسم بھی ٹھنڈا ٹھار ہوگیا۔ رحیم یار خان اور پنجاب کے دیگر شہروں میں گرجتے بادل خوب برسے، جس سے جاتی ہوئی سردی واپس لوٹ آئی۔
دنیا پور میں سرمئی گھٹاؤں کا راج رہا، چوک اعظم میں ٹپ ٹپ برستی بوندوں سے موسم سہانا کردیا، لیاقت پور میں بھی برکھا برسی تو جل تھل ایک ہوگیا۔ بلوچستان میں بادل خوب گرج کر برسے۔
کوئٹہ قلات سمیت مختلف شہروں میں گہرے بادلوں کے ڈیرے رہے، موسم کا حال بتانے والوں نے پیشگوئی کی ہے کہ آج بلوچستان کے بیشتر علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان ہے جبکہ ہفتے اور اتوار کو کراچی کا موسم ابرآلود رہے گا۔