افغانستان میں عید: طالبان کے سربراہ ملا ہبت اللہ کا پہلی بار عوامی اجتماع سے خطاب

کابل (ڈیلی اردو/وی او اے) افغانستان میں برسرِ اقتدار طالبان نے کہا ہے کہ طالبان کے امیر ملا ہبت اللہ اخوند نے عید کی نماز اتوار کو قندھار کی عید گاہ مسجد میں ادا کی۔

وائس آف امریکہ کی افغان سروس کے مطابق طالبان نے عید پر ملا ہبت اللہ کا ایک آڈیو بیان بھی جاری کیا ہے۔ یہ آڈیو بیان ان کے عید کے خطبے کا ہے۔ جس میں وہ افغان عوام کو عید کی مبارک باد دے رہے ہیں۔ اس کے ساتھ انہوں نے ملک کی موجودہ سیکیورٹی اور اسلامی نظام کے نفاذ کا بھی ذکر کیا۔

ملا ہبت اللہ اپنے خطاب میں ملک کے دیگر معاملات کو زیرِ بحث نہیں لائے۔

خبر رساں ادارے ’اے ایف پی‘ کے مطابق طالبان کے سپریم لیڈر گزشتہ چھ سال میں دوسری بار اتوار کو کسی عوامی اجتماع میں سامنے آئے ہیں۔

طالبان کے سربراہ ایک ایسے موقع پر سامنے آئے ہیں جب ایک دن قبل ہفتے کو کابل میں ایک مسافر بس کو بم دھماکے میں نشانہ بنایا گیا ہے۔ اس دھماکے کی ذمہ داری شدت پسند تنظیم ‘داعش’ نے قبول کی ہے جب کہ اس سے ایک دن پہلے کابل کی ایک مسجد میں بم دھماکہ کیا گیا تھا۔

خیال رہے کہ گزشتہ برس اگست میں افغانستان سے غیر ملکی افواج کے انخلا کے بعد طالبان نے حکومت سنبھالی تھی۔ جس کے بعد امید ظاہر کی جا رہی تھی کہ ملک میں سیکیورٹی صورتِ حال بہتر ہو سکتی ہے۔ لیکن اگست کے بعد سے داعش کی جانب سے ملک میں حملوں کا سلسلہ شروع ہو گیا ۔

قندھار میں جس عید گاہ میں ملا ہبت اللہ نے خطاب کیا وہاں صحافیوں کو کوریج کی اجازت نہیں دی گئی تھی۔

عید گاہ میں لگ بھگ دو گھنٹوں تک اجتماع جاری رہا۔ اس دوران فضا میں مسلسل دو ہیلی کاپٹر پرواز کرتے رہے۔

ملا ہبت اللہ اخوندزادہ 2016 میں طالبان کے امیر مقرر کیے گئے تھے جس کے بعد یہ دوسری بار ہے جب وہ کسی عوامی اجتماع میں سامنے آئے ہیں۔

طالبان کے سوشل میڈیا اکاؤنٹس پر زیرِ گردش آڈیوز سے معلوم ہوتا ہے کہ وہ گزشتہ سال اکتوبر میں قندھار کے دارالعلوم حکیمہ دورے پر گئے تھے۔

طالبان کی حکومت کی سپریم کورٹ نے ہفتے کی شام ملک میں اتوار کو عید کا اعلان کیا تھا۔

طالبان کے وزیرِ اعظم ملا حسن نے ایک بیان میں طالبان کے مخالفین کو ایک بار پھر اپنے ملک واپس لوٹنے کی دعوت دی جب کہ اس کے ساتھ ساتھ انہیں یقین دہانی بھی کرائی کہ ان کی اور ان کے کاروبار کی حفاظت کی جائے گی۔

افغانستان کے صدارتی محل میں عید کی نماز کے بعد ویڈیو خطاب میں ملا حسن نے ایک بار پھر اس بات کا اعادہ کیا کہ افغان سرزمین کسی ملک کے خلاف استعمال ہونے نہیں دی جائے گی۔

اقوامِ متحدہ کے افغانستان میں معاونتی مشن یوناما اور ریڈ کراس کے ساتھ ساتھ سعودی عرب اور ترکی کے سفارت خانوں نے افغان عوام کو عید کی مبارک باد کے پیغامات جاری کیے۔

واضح رہے کہ مشرقِ وسطیٰ کے بیشتر ممالک میں عید پیر کو منائی جائے گی جب کہ افغانستان کے پڑوسی ملک پاکستان میں عید منگل کو ہونے کا امکان ہے۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں