امریکا، ترکی اور سعودی عرب سمیت کئی ممالک میں عید الفطر، نمازِ عید کے اجتماعات

واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکہ، ترکی، سعودی عرب، متحدہ عرب امارات سمیت دنیا کے مختلف ممالک میں پیر کو عیدالفطر منائی جا رہی ہے۔

نمازِ عید کے بڑے اجتماعات کا انعقاد سعودی عرب کے شہر مکہ اور مدینہ میں ہوا۔

مدینہ میں مسجدِ نبوی میں ہزاروں افراد نے نماز عید ادا کی جس کے لیے مسجد کے اندرونی و بیرونی احاطے سمیت قریب واقع سڑکوں پر بھی نماز کی ادائیگی کا اہتمام کیا گیا تھا۔

مکہ میں مسجد الحرام میں نمازِ عید کے لیے خصوصی انتظامات کیے گئے تھے۔

دنیا بھر سے مسلم برادری کو عید کے موقع پر مبارک باد کے پیغامات بھیجے جا رہے ہیں۔

امریکہ کے صدر جو بائیڈ ن نے ایک بیان میں کہا کہ رواں برس عید الفطر کے موقع پر دنیا بھر میں ان لاکھوں بے گھر افراد اور پناہ گزینوں کو اپنے دلوں میں یاد کر رہے ہیں جو اپنے خاندانوں سے الگ اور اپنے مستقبل کے بارے میں بے یقینی میں گزار رہے ہیں لیکن پھر بھی ایک روشن کل کی امید رکھتے ہیں۔

وائٹ ہاؤس کی جانب سے جاری صدر بائیڈن کے بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ امریکہ میں بسنے والے مسلمان عید کی خوشیاں منا رہے ہیں، آیے ہم تمام عقائدکا احترام کرنے کے اپنے بنیادی عزم کے لیے اپنی لگن کی تجدید کریں۔

کینیڈا کے وزیرِ اعظم جسٹن ٹروڈو نے بھی اپنے ایک ویڈیو پیغام میں کہا کہ مسلم کمیونٹی کے لیے رمضان بہت اہمیت کا حامل ہے جس میں وہ عبادات کرتے ہیں اور روزے رکھتے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ مہینہ مسلم کمیونٹی کو ایک دوسرے کے قریب لانے کا باعث بنتا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ وہ جانتے ہیں مسلمانوں کو تشویش ہے کہ اسلاموفوبیا تیزی سے پھیل رہا ہے لیکن وہ سمجھتے ہیں مسلمان رجائیت پسند اور پُر امید ہیں۔

ان کے بقول کینیڈا ایک متنوع ملک ہے جہاں ہر کوئی خود کو محفوظ سمجھتا ہے۔ مسلم کمیونٹی نے ملک کے لیے کئی خدمات پیش کی ہیں اور آج ہم ان خدمات کی خوشیاں منا رہے ہیں۔ ان کے خاندان کی طرف سے تمام مسلمانوں کو عید کی مبارک۔

برطانیہ کے وزیرِ اعظم بورس جانسن نے بھی عید پر مسلمانوں کو مبارک باد دی۔

سوشل میڈیا پر ایک پوسٹ میں ان کا کہنا تھا کہ وہ برطانیہ اور دنیا بھر میں مسلمانوں کو رمضان کے اختتام پر اہل خانہ کے ساتھ عید منانے پر مبارک باد دیتے ہیں۔

ترکی میں بھی عید پیر کو منائی جا رہی ہے۔ اس موقع پر دارالحکومت انقرہ اور سب سے بڑے شہر استنبول سمیت ملک بھر میں عید کے اجتماعات ہو رہے ہیں۔

ترکی کے صدر رجب طیب اردوان نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ وہ ترکی کی عوام کے ساتھ ساتھ دنیا بھر کے مسلمانوں کو اس تہوار کی مبارک باد دیتے ہیں۔

متحدہ عرب امارات (یو اے ای) کے نائب صدر، وزیرِ اعظم اور دبئی کے حکمران شیخ محمد بن راشد المکتوم نے عید پر اپنے پیغام میں کہا کہ دنیا بھر میں مسلمان عید پر ایک دوسرے کے مزید قریب آتے ہیں اور ان کے دلوں میں ایک دوسرے کے لیے محبت میں اضافہ ہوتا ہے۔

انہوں نے دنیا بھر کے مسلمانوں کو عید کی مبارک باد دی۔

سعودی عرب کے بادشاہ سلمان بن عبد العزیز نے بھی عید پر تہنیتی پیغام جاری کیا۔

شاہ سلمان کا سوشل میڈیا پر پیغام میں کہنا تھا کہ ہم خدا کا شکر ادا کرتے ہیں کہ اس نے ہمیں رمضان کے مہینے میں روزرے رکھنے اور عبادت کرنے کا موقع دیا جس کے بعد اب ہم عید کے خوشیوں کے موقع پر موجود ہیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں