یوکرین: ماریوپول سے محصور شہریوں کے انخلا کا تیسرا مرحلہ جاری، اقوام متحدہ

نیو یارک (ڈیلی اردو/وی او اے) یوکرین کے شہر ماریوپول کے محصور اسٹیل پلانٹ سے شہریوں کے جاری انخلا کے بارے میں بریفنگ دیتے ہوئے، اقوام متحدہ کے نمائندہ خصوصی اسٹیفن ڈجیورک نے کہا ہے کہ ہمارے ساتھی اس وقت علاقے میں موجود ہیں جہاں وہ بین الاقوامی ریڈ کراس کی مدد ا ور رابطے سے انخلا کے تیسرے مرحلے کی نگرانی کررہے ہیں۔

یہ بات وائس آف امریکہ کی نمائندہ، مارگریٹ بشیر نےنیو یارک سے اپنی رپورٹ میں بتائی ہے۔

رپورٹ میں کہا گیا ہے کہ اسٹیفن ڈجیورک نے بتایا کہ ”یہ مرحلہ انتہائی نازک قسم کا ہے جس میں دونوں فریقوں سے قریبی رابطہ رکھ کر کام کیا جا سکتا ہے”۔ان کی مراد یوکرینی حکام اور روسی اہل کاروں سے تھی۔

بقول ان کے، ”میں فی الوقت کوئی مزید اطلاع نہیں دے سکتا، چونکہ یہ شہریوں کی حفاظت کا معاملہ ہے، اور اس کام میں ان کی مدد کے لیے ہمارا عملہ وہاں موجود ہے”۔

اقوام متحدہ کے عہدے دار نے کہا کہ” ہم اس کی تصدیق تبھی کریں گے جب ہم اس بات کو یقینی بنالیں کہ لوگ بحفاظت نکالے جا چکے ہیں”۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں