واشنگٹن (ڈیلی اردو) امریکی سینیٹ میں آج جمعرات کے روز یو کرین کے لیے چالیس ارب ڈالر کے امدادی پیکیج کی منظوری دی گئی ہے۔ انتہائی منقسم امریکی سینیٹ میں اس پیکیج کے لیے دونوں جماعتوں نے حمایت کا اظہار کیا۔
ریپبلکن سینیٹر مچ میکانل نے کہا،” یو کرین کے لیے امریکی امداد چیریٹی سے کہیں بڑھ کر ہے۔”
اس پیکیج میں یو کرین کے لیے فوجی سازوسامان، تربیت اور ہتھییاروں کے علاوہ یو کرین کو بھیجے گئے امریکی سازوسامان کی ری لوڈنگ، اور ان ممالک کی مددکے لیے رقم شامل ہے جو یوکرین کی مدد کرنا چاہتے ہیں۔
اس میں اربوں ڈالر انسانی ہمدردی کی بنیاد پر امداد کے لیے بھی رکھے گئے ہیں جبکہ روس یوکرین تنازعے سے عالمی سطح پر خوراک میں کمی سے نمٹنے کے لیے بھی رقم شامل ہے۔
گزشتہ ہفتے ایوانِ نمائندگان نے بھاری اکثریت سے اس پیکیج کی منظوری دی تھی۔
سینیٹ سے منظوری کے بعد یہ پیکیج دستخطوں کے لیے صدر بائیڈن کو بھجوایا جا رہا ہے۔