ترک صدر نے شام میں نئے فوجی آپریشن کا اعلان کردیا

انقرہ (ڈیلی اردو) ترک صدر رجب طیب اردوان نے اعلان کیا ہے کہ ترکی شمالی شام میں ایک نیا فوجی آپریشن شروع کرنے جارہا تاکہ خطے میں ایک محفوظ زون قائم کیا جا سکے اور ترکی کی جنوبی سرحد کو محفوظ بنایا جا سکے۔

ترک میڈیا کے مطابق اردوان نے کابینہ کے اجلاس میں کہا کہ اس آپریشن کا مقصد شام کے ساتھ اپنی سرحد کو 30 کلومیٹر طویل سیف زون بنانے کی کوششوں کو دوبارہ شروع کرنا ہے۔

انہوں نے مزید کہا کہ ہم جنوبی سرحد کے ساتھ قائم کیے گئے 30 کلومیٹر کے سیف زون منصوبے کے نامکمل حصوں سے متعلق نئے اقدامات کریں گے اور ترک فوج، انٹیلی جنس اور سیکیورٹی فورسز کی تیاری مکمل ہونے کے بعد آپریشن شروع کیا جائے گا۔

واضح رہے کہ ترک صدر کا یہ بیان ایک ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب ترکی نیٹو میں سویڈن اور فن لینڈ کی رکنیت پر اعتراض اٹھا رہا ہے اور دونوں ممالک پر کالعدم کردستان ورکرز پارٹی (PKK) اور دیگر دہشتگرد گروپوں کی سرپرستی کا الزام عائد کیا ہے۔

دوسری جانب 2019 میں شام میں انقرہ کی دراندازی کے بعد دونوں ممالک نے ترکی کو فوجی سازو سامان کی فروخت پر پابندیاں بھی عائد کی تھیں۔

Share on Social

اپنا تبصرہ بھیجیں