لاہور (ویب ڈیسک) وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا ہے کہ بھارتی کرکٹ ٹیم فوجی ٹوپی پہن کر کرکٹ کھیلے یا کچھ اور، پاکستان کی طرف میلی آنکھ سے دیکھنے والے کو شکست فاش ہوگی، آئندہ بجٹ میں پاکستان ریلویز کے تمام ملازمین کا ایک گریڈ بڑھانے کی کوشش کروں گا، ورکشاپ کے تمام مزدوروں کو 3 ہزار روپے فی کس دینے کا اعلان کرتا ہوں۔
یہ بات انہوں نے ورکشاپ اور ریلوے اسٹیڈیم میں سالانہ کھیلوں کے مقابلے کے موقع پر میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کہیں۔ ورکشاپ مغل پورہ کے دورے کے موقع پر ورکشاپ میں کام کرنے والے گینگ مینوں نے اور وزیر اعظم پیکیج کے تحت کام کرنے والے ملازمین نے ریگولر کرنے کے لیے سخت احتجاج کیا وزیر ریلوے ان سے ملے بغیر ہی چلے گے۔
وزیر ریلوے شیخ رشید نے کہا کہ پاکستان ریلوے کو ترکی، ایران، افغانستان اور روس کے ساتھ ملانے جا رہے ہیں، ترکی اور ایران نے بھی پاکستان ریلوے کو تعاون کی یقین دہانی کروائی ہے۔ انہوں نے کہا کہ وزیراعظم سے سرسید اور جناح ایکسپریس کے حوالے سے بات ہوئی ہے، 30 مارچ کو وزیراعظم جناح ایکسپریس کا افتتاح کریں گے۔
انہوں نے کہا کہ جناح ایکسپریس کا کرایہ 7 ہزار روپے رکھا ہے لیکن ریلوے انتظامیہ جتنی مرضی مخالفت کرے سرسید ایکسپریس کا کرایہ 10 ہزارروپے رکھوں گا، ریلوے واحد ادارہ ہے جس میں 10 ہزار نوکریاں نکالی گئی ہیں اور کسی محکمے میں نوکریاں نہیں دی جارہیں، ریلوے مزدورں کو ماضی میں کسی نے ترقی نہیں دی میں نے کہہ دیا ہے کہ اگر کسی افسر نے میرٹ سے ہٹ کر بھرتی کی تو نہیں چھوڑوں گا اور بھرتیوں میں ٹی ایل اے ملازمین کو بھی حصہ ملے گا۔
وفاقی وزیر نے کہا کہ ماضی میں فضول اسٹیشنوں پر 2 ارب روپے خرچ کیے گئے جہاں سے ریلوے کو پانچ ہزار آمدنی بھی نہیں ہے، اصل ضرورت لاہور کراچی اور بڑے اسٹیشنوں کو اپ گریڈ کرنے کی ہے، لاہور پاکستان ریلوے کی جان ہے اس کو مثالی ریلوے اسٹیشن بنایا جائے گا۔
شیخ رشید احمد نے مزید کہا کہ ملک کو کرپشن نے تباہ کیا ہے، عمران خان کی قیادت میں ریلوے کو کرپشن سے پاک کریں گے، ٹی ایل اے ملازمین کو کچھ اس بجٹ میں اور باقی ماندہ کو اگلے بجٹ میں مستقل کریں گے۔